محسن نقوی کا ایف سی ہیڈ کوارٹر کادورہ، یادگار شہدا پرحاضری دی

کوئٹہ (اُمت نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز نارتھ فرنٹیئر کور بلوچستان کا دورہ کیا۔

فرنٹیئر کور نارتھ کے آئی جی میجر جنرل امیر اجمل چودھری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا، فرنٹیئر کور نارتھ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، وفاقی وزیرداخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی، شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا،اس موقع پر وفاقی وزیر نے میوزیم کا دورہ کیا اور تاریخی نوادرات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فرنٹیئر کور نارتھ کے جدید آلات کا بھی معائنہ کیا۔

بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور نارتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے فرنٹیئر کور نارتھ کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے اجلاس سے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹیئر کور نارتھ نے بلوچستان میں امن کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، فرنٹیئر کور نارتھ کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر ناز ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں بسنے والے محب وطن پاکستانی ہیں،یہاں کی پائیدار ترقی کا تعلق پائیدار امن سے جڑا ہوا ہے، آخرمیں وفاقی وزیرو فرنٹیئر کور نارتھ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے بارے بریفنگ دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔