ندیم بلوچ:
غزہ میں فلسطینوں کا قتل عام جاری ہے۔ تاہم جنگ کو 230 دن گزرنے کے باوجود عوام دلیری سے آزمائشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ قحط اور بے گھر ہونے کے باوجود خواتین اور بچوں کی ہمت بھی دیدنی ہے۔ جبکہ نوجوانوںکی بڑی تعداد لڑتے ہوئے شہید ہونا چاہتی ہے۔
ٹی آر ٹی عریبہ نے رپورٹ کیا ہے کہ اس جنگ میں اب تک ساڑھے چھ ہزار مجاہدین شہید ہوچکے ہیں۔ تاہم ان کی جگہ غزہ کے مختلف شہروں سے کم از کم دس ہزار نئے جنگجو بھرتی ہوئے ہیں۔ جبکہ حماس مجاہدین کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئے بھرتی ہونے والے مجاہدین سے نئی سرنگیں بنانے کیلئے کھدائی کروائی جارہی ہے اور ساتھ ہی آر پی جیز اور دیگر دھماکہ خیز مواد استعمال کرنے کا طریقہ سکھایا جارہا ہے۔
کتائب القسام کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج سے آئندہ دس برس لڑنے کا اسحلہ سرنگوں میں تیار کیا جارہا ہے۔ جبکہ نئے بھرتی ہونے والے مجاہدین کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ فی الحال ہم صرف محدود پیمانے پر ہی مجاہدین بھرتی کر رہے ہیں۔ اس جنگ میں اب تک ہماری 30 فیصد عسکری قوت استعمال ہوئی ہے۔
ادھر مجاہدین کا دعویٰ ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں گھسنے والے صہیونی افواج کے 21 ہزار پانچ سو سے زائد اہلکار ہلاک اور زخمی کیے گئے ہیں۔ ساڑھے تین ہزار سے زائد اسرائیلی ٹینکوں کو کلی و جزی طور پر تباہ کیا جاچکا۔ تاہم اسرائیلی اور مغربی میڈیا نقصان چھپا رہا ہے۔ گزشتہ روز بھی مجاہدین نے صہیونی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔ کتائب القسام نے نامعلوم سائٹ سے ایک مرتبہ پھر اسرائیلی شہر اعشکلان اور اشدوت میں میزائل فائر کیے۔
ادھر سرایا القدس کا کہنا ہے کہ مجاہدین نے غزہ میں وسطی گورنری کے مشرق میں اسرائیلی فوجی گاڑیوںکو میزائل سے نشانہ بنایا۔ جس سے اسرائیل کو نقصان اٹھانا پڑا۔ عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے بیت حنون کی طرف سرنگ میں گھسنے کی کوشش کرنے والے صہیونی فوجیوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ کتائب القسام کی ایک اور کارروائی میں الحبوب بلڈنگ اور المدارس اسٹریٹ کے قریب الیاسین 105 گولوں سے اسرائیلی قابض فوج کے 3 مرکاوا ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب صہیونی فوج کی غزہ کے نہتے شہریوں کیخلاف جارحیت کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جارہا ہے۔ گزشتہ روز بھی شدید بمباری سے مزید 120 فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔ یوں شہدا کی تعداد 35 ہزار 709 ہوچکی ہے۔ جبکہ 79 ہزار 990 زخمی ہیں۔ تازہ ترین فیلڈ رپورٹ کے مطابق رفح کے مرکز میں کیر جنکشن پر شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔ جس سے متعدد شہری شہید ہوئے۔ قابض طیاروں نے وسطی رفح کے یبنا کیمپ پر بھی حملہ کیا۔
اسی طرح تل السلطان کے محلے میں ’’الشعر‘‘ خاندان کے ایک گھر پر بمباری کی۔ جس کے نتیجے میں ایک شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔ دیرالبلاح میں النصیرات کیمپ کر نشانہ بنایا گیا۔ جس میں الشامی فیملی کے آٹھ ارکان سمیت درجنوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔ کواڈ کاپٹر طیاروں کی جانب سے حسبہ رفح پر آگ لگانے والے بم برسائے۔ خان یونس کے شمال مغرب میں بحیرہ قرارا میں ماہی گیروں پر قابض کشتیوں کی فائرنگ سے متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
جبالیہ میں مسجد اور اسکول میں پناہ لینے والے بے گھر افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے نتیجے میں ایک خاتون اپنے 5 بچوں سمیت شمید ہوئی۔ جبکہ دیگر 9 افراد نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ غزہ شہر کے وسطی علاقے الدراج محلے میں قابض طیاروں کی بمباری سے 10 بچوں سمیت 16 شہید ہو گئے۔