2021ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بلیک میں ٹکٹ فروخت کرکے کروڑوں بٹورے، فائل فوٹو
2021ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بلیک میں ٹکٹ فروخت کرکے کروڑوں بٹورے، فائل فوٹو

بزنس آئیڈیاز پروگرام کرنے والا بھارتی فراڈی نکلا

محمد علی:
بھارتیوں کو نت نئے کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینے والا ریالٹی شو کا جج اشنیر گروور فراڈی نکلا۔ اس نے اپنی ایک ڈیجیٹلائز خدمات کی کمپنی قائم کرکے ’’کامیابیوں‘‘ کا سفر طے کیا اور کئی کاروباری شراکت داروں کو چونا لگایا۔ جبکہ کرپشن کی رقم سے بیرون ملک جائیدادیں بنالیں۔ یہی نہیں ایک اونٹرپرینور کی حیثیت سے اس نے دبئی کا گولڈن ویزا بھی حاصل کرلیا۔جہاں 2021ء میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹکٹ بلیک کرکے کروڑوں روپے بٹورے۔

واضح رہے کہ مذکورہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میزبان بھارت تھا۔ تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے میگا ایونٹ متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا گیا، جس کا عالمی پارنٹر ’’بھارت پے‘‘ تھا۔ ’’بھارت پے‘‘ ہی اشنیر گروور کی ڈیجیٹلائز خدمات فراہم کرنے والی وہ کمپنی ہے، جس میں 81 کروڑ روپے کا غبن ہوا۔ یہ کیس اس وقت دہلی ہائیکورٹ میں سنا جا رہا ہے، جس میں اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ مادھوری جین کی عجب کرپشن کی غضب کہانیاں سامنے آرہی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ’’شارک ٹینک انڈیا‘‘ نامی پروگرام میں بھی اشنیر گروور جج کے طور پر بھاری فیس لیتا رہا۔ واضح رہے کہ اشنیر گروور نے 2018ء میں ’’بھارت پے‘‘ کے نام سے ایک آن لائن پے منٹ کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔گزشتہ برس فروری میں اس کے اثاثے 21ہزار 300 کروڑ بھارتی روپے ریکارڈ کئے گئے۔ کمپنی قائم کرنے کے بعد اشنیر کو ہر سیاہ و سفید میں اپنی اہلیہ مادھوری جین کی معاونت حاصل رہی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرپشن کیس میں بری طرح پھنسنے کے بعد اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ نے امریکا فرار ہونے کی کوشش کی ہے۔ لیکن دہلی ہائی کورٹ نے 80 کروڑ روپے کا سیکورٹی ڈپازٹ جمع کرانے کا کہا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ مادھوری جین گروور کو امریکی روانہ ہونے سے قبل 80 کروڑ روپے بطور سیکورٹی جمع کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔ 24 مئی کو اپنے حکم میں عدالت نے کہا کہ سیکیورٹی جائیداد کی شکل میں ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ یو اے ای کا سفر روکنے کے لیے ’ایمریٹس کارڈ‘ بھی سرنڈر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ کے پاس گولڈن ویزا جیسا ایمریٹس کارڈ ہے، جو متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی شہریوں کو دیا جانے والا 10 سالہ رہائشی اجازت نامہ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے اشنیر کو امریکہ جانے کی اجازت دے دی لیکن کہا کہ انہیں اپنے قیام کی جگہ، ہوٹل، سفری منصوبہ اور فون نمبر فراہم کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہیں تمام معلومات تفتیشی ایجنسیوں کو بھی دینی ہوں گی۔

اشنیر گروور (آج) 26 مئی کو امریکہ روانہ ہوں گے اور انہیں 14 جون کو بھارت آنا ہے۔ ان کی اہلیہ مادھوری جین 15 جون کو امریکہ جائیں گی اور یکم جولائی کو واپس آئیں گی۔ اس سے قبل اقتصادی جرائم ونگ نے کہا تھا کہ جوڑے کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ای او ڈبلیو کا موقف تھا کہ اشنیر گروور اور ان کی اہلیہ کی بیرون ملک میں جائیدادیں ہیں۔ ایسے میں ان کے واپس نہ آنے کا خطرہ ہے۔ ان دونوں پر فن ٹیک کمپنی بھارت پے کے ساتھ تقریباً 81 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام ہے۔اسکینڈل کے بعد بھارت پے سے دستبردار ہو جانے والے اشنیر گروور نے تقریباً 51 کمپنیوں میں 900 کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے۔