ندیم بلوچ :
غزہ میں قتل عام میں حصہ لینے والے صہیونی فوجیوں میں خودکشیوں کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ آٹھ ماہ کے دوران پندرہ صہیونی فوجی خود اپنی زندگی کا خاتمہ کرچکے ہیں۔
ہارٹیز کی رپورٹ کے مطابق انجینئرنگ کور میں اسرائیلی ریزرو سپاہی ایلیران میزراہی نے 5 ماہ تک غزہ کی جنگ میں حصہ لیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غزہ میں گھروں کی تباہی کی ویڈیوز شیئر کیں۔ اپنی تمام تصویروں میں میزراہی فلسطینیوں کی نسل کشی پر فخر کا اظہار کرتے دکھائی دیا۔ تاہم غزہ جنگ میں دوبارہ طلب کرنے پر میزراہی نے کن پٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔
اس واقعہ سے قبل بھی 14 صہیونی فوجیوں نے خود اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ ان میں سے تین ایسے تھے جو جنگ کے دوران ہی خود کو گولی مار کر مردار ہوئے۔ جبکہ ایک فوجی نے ذہنی امراض میں مبتلا ہوکر اپنی بیوی اور بچے کو مار کر خودکشی کی۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کم ازکم تین ہزار سے زائد فوجی ذہنی امراض کا شکار ہوکر جنگ سے الگ ہوچکے ہیں۔ جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد اسرائیل چھپا رہا ہے۔
بعض فوجیوں کے والدین کو وزارت دفاع کی جانب سے ان کی خیریت کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی جارہی۔ ادھر ہارٹیز اخبار کا کہنا ہے کہ 1973ء سے اب تک اسرائیل کے ایک ہزار 227 فوجی خودکشی کر چکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فوج میں خودکشی کے زیادہ تر واقعات نوجوان فوجیوں میں ہوتے ہیں۔ لیکن 7 اکتوبر کے بعد افسران میں بھی خودکشی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز بھی اسرائیلی جارحیت سے 180 فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔ جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد 37 ہزار 164 ہوگئی ہے۔ جبکہ 84 ہزار 832 زخمی ہیں۔
ادھر رفح کے مغربی علاقے تل السلطان سے 3 شہدا کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ رفح کے مغرب میں قابض ڈرونز کے حملے کے نتیجے میں دو کسان شہید اور ایک زخمی ہوا۔ صہیونی ٹینکوں نے رفح کے مشرقی علاقوں میں گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا۔ جس سے کئی فلسطینی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی طیاروں نے خان یونس شہر کے شمال مشرق میں واقع قصبہ القارا پر دو حملے کیے۔ جس سے بارہ افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ المغازی کیمپ کے جنوب میں واقع مسجد الاستقامہ کے اطراف زرعی اراضی کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں متعدد زخمی ہوئے۔ جنہیں الاقصیٰ شہدا اسپتال پہنچایا گیا۔ قابض فوج نے النصیرت کیمپ کے شمال میں واقع علاقوں پر فائرنگ کی۔ اسی طرح الخوالدہ میں ایک مکان پر بمباری سے 3 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے۔
غزہ شہر کے وسط میں الصحابہ اسٹریٹ پر شہریوں کے ایک اجتماع پر بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔ غزہ شہر کے شمال میں شیخ رضوان محلے میں ابو اسکندر کے علاقے میں ’ابو البا‘ خاندان کے ایک گھر پر بمباری سے متعدد شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔
ادھر مجاہدین کی تابڑ توڑ کارروائیوں سے صہیونی فوج غزہ کت شمال سے بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔ سرایا القدس کی کارروائی میں ایک فوجی دستے کو نیٹزارم کے محور میں نشانہ بنایا گیا۔ جس میں متعدد فوجی مردار اور زخمی ہوئے ۔ القدس بریگیڈز نے ایک اور گوریلا کارروائی میں رفح میں پیش قدمی کرنے والے صہیونی فوجی دستے کو مشین گنوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا۔