سی پیک پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے،مولانا فضل الرحمن

سی پیک منصوبوں اور تعلقات کے فروغ کیلئے چین اور پاکستان کا عزم پختہ ہے۔پاک چین مشترکہ میکنزم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب

June 21, 2024 · اہم خبریں, قومی
پاکستان چین کے ساتھ تعلقات  کوخاص اہمیت دیتا ہے، فائل فوٹو

پاکستان چین کے ساتھ تعلقات  کوخاص اہمیت دیتا ہے، فائل فوٹو

اسلام آباد: سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کا پاک چین مشترکہ میکنزم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات  کوخاص اہمیت دیتا ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں،دونوں ملکوں کے عوام  کے لئے دوستی کو فائدہ مند بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک پر پاکستان میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے،علاقائی مسائل پر دونوں ملکوں میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے،سی پیک منصوبوں اور تعلقات کے فروغ کیلئے چین اور پاکستان کا عزم پختہ ہے۔

 پاکستان اور چین کو مل کر کام کرنا ہوگا،احسن اقبال

وفاقی وزیراحسن اقبال کا  پاک چین مشترکہ میکنزم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت چینی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان اور چین کا سی پیک کے درمیان5نئی راہداریوں پر اتفاق ہوا ہے،سی پیک فیز ٹو کے تحت قائم ہونے والی نئی اقتصادی راہداریاں 5ایز فریم ورک کا حصہ ہیں، گوادر بندرگاہ چین کو بحیرہ عرب تک براہ راست رسائی فراہم کرتی ہے، پاکستان کی حکومت چینی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک استحکام، علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے لئے اہم ہے، پاکستان اور چین کا زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اتفاق ہوا ہے، چینی راکٹ کے ذریعے پاکستانی سیٹلائٹ کے لانچ سے دوستی کی نئی بلندیوں کا آغاز ہو گیا، پاکستان چین تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں،   پاکستان اور چین کے درمیان منفرد ،دوستانہ  تعلقات ہیں، مستقبل  کو محفوظ بنانے  کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں 18،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی جب  چین پاکستان میں آیا، چین نے اس وقت سرمایہ کاری  کی جب کوئی پاکستان آنے کیلیے تیار نہیں تھا۔

تمام سیاسی جماعتیں “گیم چینجر” منصوبے کی حمایت کرتی ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے  پاک چین مشترکہ میکنزم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں کہاہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں “گیم چینجر” منصوبے کی حمایت کرتی ہیں، سی پیک منصوبہ نے ہماری سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی پارلیمان نے سی پیک منصوبے کی ہمیشہ مکمل حمایت کی ہے،  پاکستان اور چین خطے میں امن اور خوشحالی کے داعی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا، مشترکہ مفادات، خودمختاری اور استحکام کے فروغ کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے، دونوں ممالک خطے میں بدامنی اور انتشار کے خاتمے کا یکسا ں مؤقف رکھتے ہیں، بی آر آئی منصوبے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔