محمد نعمان اشرف:
بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک بار پھر نالوں کی صفائی پر کروڑوں روپے ڈکار گئی۔ نالوں کی صفائی کے 41 کروڑ روپے کے ٹھیکے جاری ہونے کے باوجود تمام برساتی نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔ جبکہ آج سے شہر میں مون سون بارشیں شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے برساتی نالے کا پانی بارش سے قبل ہی سڑک پر آنا شروع ہوگیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی غفلت سے کراچی کے لاکھوں شہری اذیت میں مبتلا ہوجائیں گے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ایک بار پھر نالوں کی صفائی کے نام پر شہریوں کو بے وقوف بنا دیا ہے۔ کچرے سے بھرے ہوئے برساتی نالے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی کا پول کھول رہے ہیں۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ نالوں کی صفائی کیلئے گزشتہ دنوں 41 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔41کروڑ روپے کی رقم کے ٹھیکے بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مختلف ٹھیکدار کمپنیوں کو الاٹ کیے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نالوں کی صفائی کے لئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ تاہم اس وقت شہر کے 34 بڑے برساتی نالے کچرے سے اٹے ہوئے ہیں۔ جن میں اورنگی نالہ، سکھن نالہ، حب ریور روڈ نالہ، شیر شاہ نالہ، ہارون آباد نالہ، 7 ہزار روڈ برساتی نالہ، 52 سو برساتی نالہ، کلری نالہ، پکچر نالہ، سٹی نالہ، سولجر بازار نالہ، نہر خیام برساتی نالہ، فریئر نالہ، منظور کالونی نالہ، محمود آباد برساتی نالہ، عظیم پورہ نالہ، پہلوان گوٹھ برساتی نالہ، گولڈن ٹائون برساتی نالہ، کورنگی انڈسٹریل ایریا برساتی نالہ، گجر نالہ اور مہران برساتی نالہ سمیت دیگر نالے شامل ہیں۔ ان کے علاوہ آگرہ تاج کالونی، دریا آباد، نوا آباد، بغدادی، شاہ بیگ لائن، سنگو لائن، علامہ اقبال کالونی، پرانا جاجی کیمپ، گارڈن، کھارا در، سٹی ریلوے کالونی، نانک واڑا، ملت نگر، یو سی 8 صدر، سول لائن، کلفٹن یو سی10، مچھر کالونی یو سی 05، ماڑی پور، شیر شاہ، پی سی ایچ ایس ون ٹو، جٹ لین، سینٹرل جیکب لین، جمشید کوارٹر، فاطمہ جناح کالونی، گارڈن ایسٹ، سولجر بازار، پاکستان کوارٹر، اختر کالونی، منظور کالونی، آعظم بستی، چنیسر گوٹھ، محمود آباد، یو سی 6 منظور کالونی، گلشن زون کے علاقے، سوک سینٹر، پی آئی بی کالونی، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال، گیلانی ریلوے، شانتی نگر، جمانی کالونی، گلشن اقبال، نیو دھورا جی، پہلوان گوٹھ، میٹروول کالونی، گلزار ہجری، صفورہ گوٹھ، محمود آباد، چنیسر گوٹھ، قائد آباد4، لانڈھی یو سی 5، گلشن حدید، مراد میمن گوٹھ، گڈاپ یو سی 3، یوسف گوٹھ، منگھو پیر یو سی8، ماڈل کالونی یو سی ون، جعفر طیار سوسائٹی، غازی بروہی گوٹھ، اتحاد ٹائون، اسلام نگر، سعید آباد، مسلم مجاہد کالونی، مہاجر کیمپ، مومن آباد، مدینہ کالونی، بلال کالونی، اقبال بلوچ کالونی، بلوچ گوٹھ، پاک کالونی، فرنٹیئر کالونی، بنارس سمیت دیگر علاقوں میں 500 سے زائد چھوٹے برساتی نالے بھی کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی۔ جس کے بعد کمشنر کراچی کے دفتر میں بھی اہم اجلاس منعقد ہوئے۔ لیکن ان اجلاسوں کے بعد کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو نالوں کی صفائی کے لئے 41 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کی گئی۔
رقم جاری ہونے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے مختلف کمپنیوں کو ٹھیکے الاٹ کر دیئے۔ لیکن نالوں کی صفائی کہیں دکھائی نہیں دی۔ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر سے شہر میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ لیکن اب تک کچرے سے اٹے برساتی نالوں کی صفائی مکمل نہیں کی جاسکی ہے۔ جس کی وجہ سے کراچی کے لاکھوں شہری پھر سے اذیت میں مبتلا ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈائریکٹر میونسپل سروسز، کے ایم سی ذوالفقار علی ابڑو نے ’’امت‘‘ کو بتایا تھا کہ نالوں کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ جن کو ٹھیکے جاری کیے گئے ہیں۔ اگر انہوں نے کام نہ کیا تو انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔