رفح اور شجاعیہ میں بھی اسرائیلی فورسز پر بھرپور حملے کیے جا رہے ہیں، فائل فوٹو
 رفح اور شجاعیہ میں بھی اسرائیلی فورسز پر بھرپور حملے کیے جا رہے ہیں، فائل فوٹو

9 ہزار سے زائد صہیونی فوجی معذور

ندیم بلوچ:
غزہ جنگ میں نہتے شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی سب سے اہم وجہ مجاہدین کے ہاتھوں اسرائیلی فوج کو ہونے والا بھاری نقصان ہے۔ جس کے اعداد و شمار سامنے آنے لگے ہیں۔ اپنے فوجیوں کی ہلاکتیں چھپانے والی صہیونی ریاست عوامی دبائو پر اعداد و شمار پیش کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔ تاہم جنگی مبصرین کا ماننا ہے کہ اگر اسرائیل ہلاک فوجیوں کی حقیقی تعداد بتائے تو اسرائیل میں ہنگامے پھوٹ پڑ سکتے ہیں۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ نو ماہ قبل غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 9 ہزار 250 فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں میں 70 فیصد ریزرو فوجی ہیں۔ جبکہ 30 فیصد آفیسرز ہیں۔ زخمیوں میں سے نصف کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔ تقریباً 35 فیصد فوجی اپنی ٹانگ، ہاتھ، آنکھ یا دیگر جسمانی اعضا گنوانے کے بعد نفسیاتی مریض بن چکے ہیں۔ وزارت نے پیشگوئی کی ہے کہ 2024ء کے آخر تک زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہزار ہو جائے گی۔

ادھر گزشتہ روز اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ غزہ سے ساٹھ فیصد فائٹرز کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ تاہم اس بیان پر کتائب القسام کے کمانڈر و ترجمان ابو عیبدہ کا کہنا ہے کہ تقریباً دس ہزار کے قریب نئے مجاہدین بھرتی کیے گئے ہیں۔ ہماری قوت جنگ کے آغاز کے بعد سے دگنی ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ مجاہدین کے تخیمنے کے مطابق اس جنگ میں اب تک 27 ہزار 350 سے زائد صیہونی فوجی ہلاک و زخمی کیے جاچکے ہیں۔ جبکہ اسرائیل اموات کی تعداد صرف 600 بتا رہا ہے۔ دوسری جانب تل الحوا صہیونی فوج کیلئے قبرستان ثابت ہوا ہے۔ کتائب القسام نے تل الحوا کے صنعتی علاقے میں اسنائپر سے ایک فوجی کی کھوپڑی اڑا دی۔ دو اینٹی پرسنل ڈیوائسز سے فوجیوں سے بھری تین بکتربند گاڑیوں کو تباہ کیا گیا۔ جبکہ زخمیوں کیلئے آنے والے ریسکیو ہیلی کاپٹرز پر بھی آر پی جیز فائر کیے گئے۔

سرایا القدس نے بھی تل الحوا کے ایک محلے میں پہلے سے نصب بموں سے تین اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو اڑا دیا۔ جبکہ فوجی دستوں پر مارٹر گولوں کی بارش بھی کی گئی۔ شہید عمر القاسم کے مجاہدین نے برج الصالح اور العسیل گول چکر کے قریب دشمن کی فوجی گاڑیوں کو مارٹر گولوں سے تباہ کردیا۔ ایک اور کارروائی میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 4 صہیونی فوجی مردار ہوگئے۔

ادھر الاقصیٰ شہدا بریگیڈ نے رفح شہر کے جنوب میں واقع یبنیٰ کیمپ پر اسرائیلی قابض فوج پر مارٹر گولوں سے بمباری کی۔ جبکہ سرایا القدس نے شجاعیہ محلے میں المنطار کے علاقے میں صہیونی فوجیوں اور گاڑیوں پر بمباری کرکے پسپا کردیا۔ بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ روز کی کارروائیوں میں کم ازکم 35 صہیونی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔