عمان(اُمت نیوز)عمان کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مجلس کے دوران دہشتگردوں نے حملہ کر دیا جس کےنتیجے میں4 پاکستانیوں سمیت6 جاں بحق، 30 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی،دہشتگردوں کے حملے کے دوران مسجد میں مجلس عزا جاری تھی، جس میں 700 سے زائد افراد موجود تھے، فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانیوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے، جن میں زیادہ تر پاکستانی شامل ہیں۔
فائرنگ سے مسجد میں بھگدڑ مچ گئی۔ متعدد افراد قدموں تلے کچل کر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت نازک قرار دی جا رہی ہے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد میں فائرنگ کے وقت بڑی تعداد میں پاکستانی بھی موجود تھے۔
عمان سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ مسجد پرحملہ کرنے والے 3 دہشت گردوں کو جوابی کارروائی میں مار دیا گیا جب کی ایک پولیس اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کی۔عمان پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ حملے کے پیچھے کون لوگ یا کس تنظیم کا ہاتھ ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کئے گئے ہیں، جب کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے عمان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ عمان کے شہر مسقط کی مسجد میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 ہے جب کہ مزید 30 پاکستانی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
خیال رہے کہ علاقائی تنازعات میں باقاعدگی سے ثالث کا کردار ادا کرنے والی سلطنت عمان میں اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں،مسقط میں امریکی سفارت خانے نے فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کیا اور منگل کو تمام ویزا اپائنٹمنٹس منسوخ کر دیئے ہیں۔
سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا امریکی شہریوں کو چوکنا رہنا چاہیے اور مقامی حکام کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔