ندیم بلوچ :
حماس کے پولیٹکل اور عسکری چیف یحییٰ سنوار نے جنگی حکمت عملی کے تحت ایران کو اسماعیل ہنیہ کے قتل کا ردعمل دینے سے روک رکھا ہے۔ اناطولیہ کے مطابق حماس نے گزشتہ گیارہ ماہ میں صہیونی فوج اور اسرائیلی ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچایا وہ پلان اے کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لہذا اگلے پلان کا استعمال غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر ہی کیا جائے گا۔سنوار چاہتے ہیں کہ صہیونی درندگی کا شکار فلسطینی عوام کو جنگ بندی معاہدے سے ریلیف مل سکے۔
اسرائیل کو باز رکھنے کیلئے غزہ میں موجود صہیونی فوج کو مجاہدین کی جانب سے غیر معمولی حملوں کا سامنا ہے۔ جبکہ اسرائیلی قیدیوں بھی صہیونی حملوں میں ہلاک ہو رہے ہیں، جس سے تل ابیب میں اسرائیلی حکومت کے خلاف مظاہروں میں شدت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ حماس چیف نے مذاکرات کیلئے اسرائیل کو ایک ماہ کا الٹی میٹم دے دیا ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو دیگر آپشن کا استعمال کیا جائے گا۔
پہلا آپشن لبنان سے حزب اللہ کا زمینی حملہ ہوگا جس میں پہلے مرحلے میں دس ہزار فائٹرز اسرائیلی شہروں میں دھاوا بولیں گے۔ دوسرے مرحلے میں مغربی کنارے سے پانچ ہزار فدائی بیت مقدس میں موجود اسرائیلی بستیوں پر حملہ آور ہوںگے۔ تیسرے مرحلے میں یمن کی سرزمین سے اسرائیل پر خودکش ڈرونز کی بارش کی جائے گی۔ جبکہ چوتھے مرحلے میں ایران، اسرائیل پر الفتح ہائپر سونک میزائلوں سے حملہ کرسکتا ہے۔ یہ ڈیل حماس چیف اور ایرانی حکام کے درمیان خط وخطابت کے ذریعے فائنل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں مجاہدین کے تابڑ توڑ حملے جنگ کے323 ویں روز بھی جاری رہے۔ مجاہدین نے تل الحوا، تل السلطان، خان یونس، نیٹزاریم اور دیر البلاح میں صہیونی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔ گزشتہ روز کی کارروائی میں اٹھ مرکاوا ٹینک اور اٹھارہ صہیونی فوجی ہلاک وزخمی کئے گئے ہیں۔ اسی طرح صہیونی فوج نے ردعمل کے طور پر فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 56 فلسطینی شہید اور111 زخمی کردیئے۔ گزشتہ روزخان یونس میں الامل محلے میں اکول اسٹریٹ پر واقع کلخ خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 11 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری نے غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ البلد کے مشرق میں عزبہ عبد ربہ کے علاقے کو نشانہ بنایا ۔وسطی غزہ میں دیر البلاح کے مشرق میں صلاح الدین اسٹریٹ کے قریب بے گھر افراد کے خیموں کو کواڈ کاپٹرسے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت پانچ شہری شہید ہوگئے۔ نصیرت کیمپ میں عین جالوت ٹاورز میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے۔