عمران خان کی6،بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مختلف کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کی۔ عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی نہ کروانے کے حوالے سے جیل حکام نے آج بھی جواب نہیں جمع کروایا۔ عدالت نے جیل حکام سے ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر دوبارہ رپورٹ طلب کر لی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 4 ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہے سینئیر کونسل لاہور میں ہیں عبوری ضمانت میں توسیع کی جائے۔

عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔