اسلام آباد: دفترخارجہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ( کے پی) کی حکومت کو غیرملکی سفارت کاروں کے دورے سے آگاہ کردیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ غیرملکی سفیروں کے دورے سے متعلق کے پی حکومت کو خط لکھا گیا تھا۔ کچھ سفیروں نے انفرادی طور پر وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے اپنے سفر سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے تمام پروٹوکول پورے کیے گئے تھے۔ اس حوالے سے تمام ثبوت وزارت خارجہ کے پاس موجود ہیں۔ اس بارے میں داخلی تحقیقات کی گئیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے غیرملکی سفیروں کے دورے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔ چیمبر آف کامرس اسلام آباد کے خلاف کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واقعے کے بعد ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے غیرملکی سفارت کاروں سے ملاقات کی۔ غیرملکی سفارت کاروں کو بھی متعدد مواقعوں پر جاری گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کا کہتے ہیں۔ پاکستان کسی بھی غیرملکی سفارت کار کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔