کراچی(اُمت نیوز)پی آئی اے کی مسقط سے پشاور آنے والی پرواز کی جانب سے شدید فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
پرواز پی کے 260 نے مقامی وقت کے صبح 05:22 بجے مسقط سے ٹیک آف کیا لیکن روانگی کے 30 منٹ بعد طیارے میں پاکستانی فضائی حدود میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق تربت پر پرواز کے دوران طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی اور طیارہ محض 7 منٹ میں 36 ہزار فٹ کی بلندی سے 8 ہزار فٹ پر آگیا۔
پائلٹ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کر دی اور رخ کراچی کی طرف موڑ لیا، پائلٹ 8 ہزار فٹ سے کم بلندی پر طیارے کو کراچی لایا۔ طیارے نے 7 بجکر 8 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق انجینیئرنگ اور مرمت کی سہولیات ہونے کے باعث جہازوں کو کراچی بیس لایا جاتا ہے، پرواز کو احتیاطاً کراچی لینڈ کروایا گیا اور تمام ایسے اقدامات کیے گئے جس سے فضائی حفاظت کو کسی قسم کا رسک نا ہو۔
کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی دیکھ بھال کی گئی اور ان کو پی کے 368 ذریعے روانہ کیا جا رہا ہے۔