شمالی وزیرستان،فائرنگ کا تبادلہ،6 خوارج ہلاک،لیفٹیننٹ کرنل اور 5 جوان شہید

 

شمالی وزیرستان(اُمت نیوز)شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں سے سپن وام میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے ہیں۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوان شہید ہوئے ہیں۔

خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کاروائی کی گئی، شہید سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللّٰہ، لانس نائیک اختر زمان اور لانس نائیک شاہد اللّٰہ شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 6 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیوں دی ہیں، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اس سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سوات کے علاقے چارباغ میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا تھا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوات میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد خارجی سرغنہ عطاء اللّٰہ عرف مہران سمیت 2 خارجی ہلاک ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن میں ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، خارجی عطاء اللّٰہ عرف مہران علاقے میں دہشت گردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔