ہمیں رینجرز اور فوج کیساتھ کوئی محاذ آرائی پیدا نہیں کرنی: بیرسٹر سیف

پشاور(اُمت نیوز)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہےتمام پارٹی کارکنان کو کامیاب احتجاج پر مبارکباد دیتا ہوں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی کامیاب حکمت عملی کی بدولت پی ٹی آئی نے کامیاب احتجاج ریکارڈ کروایا، ہماری واضح پالیسی ہے کہ رینجرز اور فوج کے ساتھ محاذ آرائی پیدا نہیں کرنی، براہمہ بکتر انٹرچینج پر جعلی حکومت نے آرٹیکل 245 کے تحت رینجرز اور فوج تعینات کی تھی۔

وزیر اعلیٰ کچھ کارکنان کے ہمراہ سنگجانی انٹرچینج کے ذریعے ڈی چوک پہنچے، ڈی چوک میں وزیر اعلیٰ نے کارکنوں سے خطاب کیا،وزیر اعلیٰ ساتھیوں سے مشاورت اور اگلا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے پختونخوا ہاؤس گئے، جعلی حکومت نے وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے لئے غیر قانونی طور پر پختونخوا ہاؤس کا محاصرہ کیا، اسی دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے لیے چار چھاپے مارے۔ جعلی حکومت نے سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے غیر قانونی گرفتاری کا منصوبہ بنایا، وزیر اعلیٰ غیر قانونی گرفتاری سے بچنے کے لیے کے پی ہائوس میں ہی ایک محفوظ مقام پر موجود تھے،جعلی حکومت نے عوام اور افواج پاکستان کے ٹکراؤ کا منصوبہ بنایا تھا، کامیاب حکمت عملی کے باعث رینجرز اور فوج کے ساتھ کوئی محاذ آرائی نہیں ہوئی۔