فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی آئینی ترامیم کے خلاف پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئی، وفاق کو نوٹس جاری

پشاور: پی ٹی آئی نے مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، عدالت نے درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا۔

پی ٹی آئی ایم این شاندانہ گلزار اور ترجمان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کو تبدیل کرنے کا خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، آئینی ترامیم کے خلاف ہم نے آج ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے ہمارا موقف ہے کہ اس وقت پارلیمان مکمل نہیں ہے، عدالت نے وفاق کو سماعت کے لیے نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلا اپنے اسیر ساتھیوں کے لیے عدالتوں میں بھی لڑ رہے ہیں، بنیادی حقوق اور قرارداد مقاصد کو سلب کرنے کے لیے آئینی ترمیم کی جارہی ہے، آئینی ترامیم کوئی سیاسی جماعت نہیں اسٹیبلشمنٹ کروا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانی کرنے کا حق کس کو ہے؟ یہ سوال ایک عرصے سے جواب طلب ہے، فوج کا کام سرحدوں کی دفاع کرنا ہے  اور آئین کا دفاع سیاست دان کریں گے، ملک کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور یہ ترامیم کے پیچھے لگے ہوئے ہیں اور عدلیہ کے حالات ایسے ہیں کہ انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے ہم آئین و قانون کے مطابق ان تمام حالات کا مقابلہ کریں گے۔