پارٹی قیادت نے پشاور میں ڈیرے لگا لیے ، فائل فوٹو

گنڈاپور نے بشریٰ بی بی تک رسائی محال بنا دی

محمد قاسم :

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پشاور میں پڑائو کی وجہ سے شہر کی سیاست اہمیت اختیار کر گئی۔ جبکہ بشریٰ بی بی کی رہائی ڈیل کے تحت ہونے کی باز گشت بھی سنائی دینے لگی ہے۔ ادھر تحریک انصاف کی قیادت نے پشاور میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ تاہم بشریٰ بی بی کی آمد پر وزیراعلیٰ ہائوس میں بغیر اجازت داخلہ بند کر دیاگیا ہے۔

بشریٰ بی بی کے کان میں شدید درد کی شکایت کے دعوے پر معائنہ کرکے مکمل آرام کا مشورہ دیاگیا ہے۔ جبکہ ملاقات کے لئے آنے والے کئی ممبران اسمبلی کو روک دیا گیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ مخالفین کی جانب سے ڈیل کے تحت رہائی کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ جیل سے رہائی کے بعد بشریٰ بی بی بنی گالا گئیں جہاں مختصر قیام کے بعد انہوں نے لاہور جانے کا فیصلہ کیا۔ تاہم سفر شروع کرتے ہی انہوں نے فیصلہ تبدیل کر دیا اورپشاور روانہ ہو گئیں جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی۔ بشریٰ بی بی نے کان میں تکلیف کی شکایت جس پر ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا۔

بشریٰ بی بی کے پشاور آتے ہی ملکی سیاست کا محور پشاور بن گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے ایک بار پھر پشاور سے تحریک چلانے کی غیر مصدقہ خبریں بھی زیرِ گردش ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی پارٹی کے کئی اہم فیصلوں میں شامل ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ گنڈاپور نے بشریٰ بی بی کی خیریت دریافت کی۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی وزیراعلی سے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی جبکہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بھی اہم فیصلے کئے گئے۔

اس دوران بشریٰ بی بی کی جانب سے تمام لیڈرشپ کو سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی ہدایت کی گئی۔ سیاسی کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ ، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر اراکین کمیٹی بھی موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی زیر غور لایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے تمام لیڈرشپ کو آگاہ کردیا کہ سب سے پہلے عمران خان کی رہائی پر فوکس کیا جائے۔ تاہم بشریٰ بی بی سے وزیراعلیٰ ہائوس میں بغیر اجازت کسی کی بھی ملاقات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے قیام کے لئے وزیراعلیٰ ہائوس کا ایک حصہ خالی کرا دیاگیا ہے اس کے علاوہ وزیراعلیٰ ہائوس میں مہمانوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ مخالفین کی جانب سے بشریٰ بی بھی کی رہائی کے حوالے سے ڈیل کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کے لئے گرفتار کیا گیا تھا۔ مشکل وقت میں بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی طاقت بنی رہیں اور اب بھی کسی ڈیل کے تحت ان کی رہائی نہیں ہوئی ہے۔ جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی یا وفاقی حکومت کے خلاف تحریک چلائے جانے کا اعلان پشاو ر سے متوقع ہے اور سب کی نظریں اس وقت صوبائی دارالحکومت پشاور پر مرکوز ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔