فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں دسمبر سے قبل سردی کا امکان نہیں

اقبال اعوان:
کراچی میں بڑھتی آلودگی کے خطرات کو سمندری ہوائیں دور کررہی ہیں۔ اس لیے لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا جیسی اسموگ والی صورت حال کا خطرہ موجود نہیں۔ شہر میں سردیوں کا آغاز دسمبر کے پہلے ہفتے سے ہونے کا امکان ہے۔

بارش کا امکان نہیں۔ البتہ شمالی علاقہ جات اور پنجاب میں بارش کا ایک اسپیل آرہا ہے۔ تین روزہ بارش کے اسپیل کے باعث سمندری ہوائیں کراچی پر زیادہ چل رہی ہیں۔ اس لیے دن میں کالے بادل او رات کو سفید ٹھہرے بادل نظر آرہے ہیں۔ آج کل گرمی کی شدت کم ہے اور رواں ماہ کے آخری ہفتے میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔ واضح رہے کہ آج کل جہاں لاہور کی صورت حال خطرناک ترین ہو چکی ہے جبکہ دیگر پنجاب کے شہروں اور خیبرپختون کے جنوبی اضلاع میں بھی اسموگ کی وجہ سے صورت حال خراب ہے۔

اسی طرح کراچی شہر میں آلودگی کی شرح بہت زیادہ ہے اور موسم میں خنکی کی صورت میں مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ شہر میں فیکٹریوں کی چمنی کے دھوئیں، فضلہ جلانے، جگہ جگہ کچرا جلانے، پیٹرول ڈیزل والی گاڑیاں، چنگ چی رکشے، ریتی بجری کے ٹرک، ڈمپر، واٹر ٹینکرز، چھکڑا گاڑیاں 30 لاکھ سے زائد پیٹرول سے چلنے والی بائیک، پرانی ٹیکسیاں، رکشے، پبلک ٹرانسپورٹ کی بسیں، ویگن، کوچیں، مزدا چل رہی ہیں جن میں بیشتر کی حالت خراب ہے۔

کراچی میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں جہاں دھول مٹی اڑا ہی ہیں۔ وہیں مرمت کے نام پر سڑکوں پر جگہ جگہ کٹنگ کی گئی ہے۔ اس طرح دھول مٹی کا طوفان نظر آتا ہے۔ کراچی میں اینٹوں کے بھٹے نہیں ہیں یا زرعی زمینوں پر فصلوں کی باقیات کو جلانے کا سلسلہ نہیں ہے۔ کراچی میں سمندری ہوائیں ڈھال ثابت ہوتی ہیں اور ان ہوائوں سے آلودگی میں کمی آتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹ آفیسر سردار سرفراز نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کراچی میں دیگر صوبوں کی طرح اسموگ کا خطرہ نہیں ہے۔ البتہ آلودگی دن بدن بڑھ رہی ہے۔ سرد موسم کے آغاز اور دوران میں آلودگی خطرناک صورت حال اختیار کر سکتی ہے۔ تاہم سمندری ہوائیں چلتی رہتی ہیں، تو آلودگی میں کمی آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل کراچی میں دن میں درجہ حرارت 34 ڈگری اور رات کو 19/20 ڈگری تک ہوتا ہے۔ علی الصباح کچھ موسم ٹھنڈا لگتا ہے۔ دن میں گرمی تپش ہوتی ہے۔ اب بارشوں کا سرد موسم کے آغاز پر ایک اسپیل آرہا ہے جو آج 14 نومبر سے 17 نومبر تک رہے گا۔ لیکن کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ شمالی علاقہ جات گلگت، اسکردو، آزاد کشمیر، اسلام آباد، پنجاب کے شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں دن میں کالے بادل اور رات کو سفید بادل نظر آتے ہیں۔ دراصل بارش کے اسپیل کے قریب آتے ہی سمندری ہوائیں زیادہ چلنے لگی ہیں۔ رواں ماہ کراچی میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

دسمبر کے شروع میں سرد موسم کا آغاز ہو گا۔ شہر میں آلودگی جانچنے کے لیے یو ایس قونصل خانے والوں نے آلہ لگایا ہے۔ ورنہ ہمارے پاس کوئی آلات نہیں ہیں۔ اس بار سردی کتنی ہو گی؟ دورانیہ اور شدت کے حوالے سے دسمبر میں آغاز کے بعد معلوم ہو سکے گا۔ ابھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ گزشتہ سال بھی زیادہ سردی کی پیشگوئی کی گئی تھی اور کم از کم 8 ڈگری تک درجہ حرارت گیا تھا۔ تاہم دو تین سال قبل تک کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 6 ڈگری تک گیا تھا۔