کالعدم تنظیموں کے سابقہ زیرِاثرعلاقوں میں سرچنگ و کومبنگ آپریشن جاری ہے، فائل فوٹو
 کالعدم تنظیموں کے سابقہ زیرِاثرعلاقوں میں سرچنگ و کومبنگ آپریشن جاری ہے، فائل فوٹو

کراچی میں دفاعی نمائش کیلیے تیاریاں تیز

اقبال اعوان :
کراچی میں ہونے والی دفاعی نمائش کے حوالے سے تیاریاں تیز ہو گئیں۔ شاہراہ فیصل، کارساز روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر واقع پلوں، اوورہیڈ برجوں، انڈر پاس پر رنگ و روغن اور لائٹنگ کا کام شروع کر دیا گیا۔ نمائش کے حوالے سے بینرز، بورڈ، ہورلڈنگ لگانے کا کام جاری ہے جبکہ سیکورٹی اداروں نے سیکورٹی پلان تیار کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

سی ٹی ڈی اور دیگر حساس اداروں نے کالعدم تنظیموں کے سابقہ زیراثر علاقوں میں کومبگ، سرچنگ، ٹارگیٹڈ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ ایکسپو سینٹر کے اطراف کی 5 کچی آبادیوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ دفاعی نمائش 19 نومبر سے 22 نومبر تک ایکسپو سینٹر میں ہوگی۔ شہر میں کالعدم بی ایل اے اور ایس آر اے کے علاوہ داعش، ٹی ٹی پی کے مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جیلوں میں موجود دہشت گردوں سے معلومات کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں 12 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا 19 نومبر سے آغاز ہورہا ہے جو 22 نومبر تک جاری رہے گی۔

اس ایونٹ کی سیکورٹی پاک فوج کے حوالے ہوتی ہے۔ تاہم رینجرز، پولیس بھی سیکورٹی کے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہوگی۔ 45 ملکوں کی مسلح افواج کے مندوبین سمیت دیگر مہمان آئیں گے۔ ایئرپورٹ سے شاہراہ فیصل پر بڑی ہوٹلوں، کارساز روڈ سے ایکسپو سینٹر تک آنے جانے کی موومنٹ پر شاہراہ فیصل، کارساز روڈ انتہائی سیکیورٹی میں رہے گا۔ جبکہ یونیورسٹی روڈ، ڈالیمیا روڈ، اسٹیڈیم سے سوک سینٹر والا روڈ پر عام ٹریفک کی روانی بار بار روکی جائے گی۔

اس حوالے سے متبادل سڑکوں کے بارے میں ٹریفک پولیس مختلف اجلاس میں بتا رہی ہے اور ڈیوٹی سرانجام دے گی۔ چند روز سے شاہراہ فیصل، کارساز روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیپا سے نیوٹائون تک، اسٹیڈیم سے سوک سینٹر تک، ڈالمیا روڈ ملینیم مال سے اسٹیڈیم تک کی سڑکوں پر رنگ روغن کا کام جاری ہے۔ ان سڑکوں پر واقع اوورہیڈ برجوں، انڈر پاس، پلوں پر جہاں رنگ و روغن کا کام جاری ہے۔ وہیں اسٹریٹ لائٹنگ اور رنگین لائٹوں کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ فٹ پاتھ، چورنگیوں کی مرمت اور دیگر کام جاری ہیں۔ ان سڑکوں پر کیمروں کی مرمت اور مزید کیمرے لگانے کا کام جاری ہے۔

شہر میں سیکیورٹی الرٹ تو پہلے ہی ہے۔ تاہم مزید سخت کر دی جائے گی۔ ایکسپو سینٹر میں تیاریاں تیزی سے جاری ہیں جہاں ملکی ہتھیار، آلات گولہ بارود سمیت دیگر سامان رکھا جائے گا۔ سیکورٹی کا سلسلہ تو جاری ہے۔ اب آغاز سے ایک روز قبل کنٹینرز رکھ کر سڑکیں بند کی جائیں گی۔

ایکسپو سینٹر کے اطراف کچی آبادیوں عیسیٰ نگری، شانتی نگر، سندھی پاڑہ، بلوچ پاڑہ، مجاہد کالونی میں سرچنگ کارروائیاں جاری ہیں۔ اس طرح شہر میں پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے کالعدم بی ایل اے، ایس آر اے، ٹی ٹی پی، داعش کے سابقہ زیراثر علاقوں میں کومبنگ آپریشن کررہے ہیں۔ پاک فوج سمیت تمام سیکیورٹی ادارے تمام تر وسائل استعمال کریں گے۔

گرفتار کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے دہشت گردوں سے اور جیلوں میں موجود ان کے دہشت گردوں سے ساتھیوں کے بارے میں معلومات کر کے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ شہر میں ایئرپورٹ، بڑے ہوٹلوں، ریڈ زون، غیر ملکی قونصل خانوں، غیر ملکی افراد کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔