پروگرام میں طلبا و طالبات کی تعداد دن بدن کم ہورہی ہے، فائل فوٹو
پروگرام میں طلبا و طالبات کی تعداد دن بدن کم ہورہی ہے، فائل فوٹو

انٹرنیٹ کی سست رفتاری سے نوجوان دلبرداشتہ

محمد نعمان :
حالیہ کچھ عرصہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی سست رفتاری سے ایک آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری اورای کامرس و مارکیٹنگ سے وابستہ افراد کو پریشانی کا سامنا ہے، تو دوسری جانب سی آئی ٹی، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی آن لائن کلاسز متاثر ہونے سے نوجوان طلبہ کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ، گورنر ہائوس، الخدمت کے تحت ’’بنو قابل‘‘ اور پیپلز یوتھ اسکیل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زائد طلبا و طالبات کو فری کورسز کروائے جارہے ہیں۔ تاہم انٹرنیٹ سروس ڈائون ہونے سے بچوں کو اپنے اسائمنٹ مکمل کرنے میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔ فری کورسز کی سہولت مہیا کرنے والے منتظمین کا کہنا ہے کہ سست رفتار انٹرنیٹ کی وجہ سے کئی بچوں نے سی آئی ٹی، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی کلاسز لینے میں دلچسپی دکھانا کم کردی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ کئی ہفتوں سے انٹرنیٹ سروس شدید متاثر ہے۔ واٹس ایپ، انسٹا گرام، فیس بک، ٹوئٹر (ایکس)، ٹک ٹاک اور یوٹیوب سمیت دیگر ایپلیکشنز، انٹرنیٹ اسپیڈ کم ہونے سے متاثر ہورہی ہیں۔ ابتدا میں پی ٹی اے نے موقف اختیار کیا تھا کہ زیر زمین کیبل خراب ہونے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے۔ تاہم اس معاملے پر اب پی ٹی اے بھی صارفین کو کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام ہے۔ انٹرنیٹ اسپیڈ کم ہونے کے علاوہ اکثر اوقات واٹس ایپ ایپلیکشن پر ڈاؤن لوڈنگ میں پریشانی کا سامنا رہتا ہے۔

کبھی تصاویر سینڈ نہیں ہوتیں تو کبھی کوئی اور مسئلہ سامنے آتا ہے۔ ایسے میں لاکھوں صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت کراچی میں بڑے پیمانے پر سی آئی ٹی، ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت دیگر کورسز مفت کرائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ پرائیوٹ ادارے بھی مناسب فیس کے عوض یہ کورسز کروارہے ہیں۔ پاکستان خصوصاً کراچی میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن ہونیسے نہ صرف ملکی معیشت، بلکہ لاکھوں ذہین بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے۔

گورنر ہاؤس سندھ میں طلبا و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کروائے جارہے ہیں، جن میں کراچی بھر سے طلبا و طالبات شرکت کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ کئی ماہ سے جاری ہے لیکن کچھ عرصہ سے شہر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن ہونے کی وجہ سے آئی ٹی کلاسزمتاثر ہورہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گورنر ہاؤس میں اب طلبا و طالبات کی حاضری کم ہو رہی ہے۔

سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام بھی بچوں کو مفت آئی ٹی و دیگر کورسز کروائے جاتے ہیں۔ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ نے اب تک ہزاروں بچوں کو آئی ٹی ایجوکیشن سے آرستہ کیا ہے، جو پاکستان سمیت دیگر ملکوں میں ملازمت کررہے ہیں۔ لیکن سست انٹرنیٹ سروس کے باعث اب ان کی آئی ٹی کلاسز متاثر ہورہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کم از کم 50 ہزار سے زائد بچوں کو آئی ٹی کورس کروا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سیلانی کے زیر انتظام چلنے والے اداروں میں کراچی بھر کے نوجوان آئی ٹی کورسز مفت سیکھ رہے ہیں۔

اسی طرح الخدمت کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں ’’بنو قابل‘‘ پروگرام میں ہزاروں بچوں کو مختلف کمپیوٹر کورسز کروائے جارہے ہیں۔ الخدمت کے زیر انتظام پہلے ٹاؤنز کی سطح پر طلبا و طالبات کے انٹری ٹیسٹ لیے جاتے ہیں پھر انہیں ’’بنو قابل‘‘ پروگرام کے تحت آئی ٹی سمیت دیگر کورسز مفت کروائے جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ سروس متاثر ہوجانے سے الخدمت کا ’’بنو قابل‘‘ پروگرام بھی سخت متاثر ہونے لگا ہے۔ اور مذکورہ پروگرام میں طلبا و طالبات کی تعداد دن بدن کم ہورہی ہے، جس کی بڑی وجہ انٹرنیٹ کی سلو اسپیڈ ہے۔
ادھر پیپلز یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اورنگی ٹاؤن میں ایک ہزار سے زائد بچوں کو مفت آئی ٹی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس کے کورسز مفت کروائے جارہے ہیں۔ متذکرہ پروگرام کے تحت ہزاروں بچوں کو ہفتے میں 4 دن کلاسز دی جارہی ہیں۔ مگر انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے اس پروگرام میں بھی بچوں کی حاضری کم ہوتی جارہی ہے۔