کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پچھلے سارے ریکارڈ توڑتے ہوئے انڈیکس میں 1 لاکھ 14 ہزار کی بلند ترین سطح کو بھی عبور کرلیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مثبت کاروبار کے باعث 100 انڈیکس بلند ترین سطح پر برقرار رہی۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی، جہاں کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 2671 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بینچ مارک 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 13 ہزار 400 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم ساتھ ہی معمولی پرافٹ ٹیکنگ بھی دیکھی گئی، اب سے کچھ دیر پہلے 100 انڈیکس 1900 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 12 ہزار 700 پر دیکھا گیا۔
مضبوط فنڈامینٹلز اور اچھے معاشی اشاریوں کے سبب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑی نوعیت کی ریکوری ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 3377 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 14 ہزار 180 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، مارکیٹ میں 463 کمپنز کے 64 ارب 39 کروڑ روپے مالیت کے ایک ارب 45 کروڑ شیئرز کے سودے کئے گئے۔
حصص کی قیمتیں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہونے، شرح سود میں نمایاں کمی کے ساتھ رواں ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے میں کمی کی توقعات کے باعث کاروبار میں تیزی ہے اور مارکیٹ مثبت زون میں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1913 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 11 ہزار 810 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔