پراسیکیوشن اور تفتیشی افسران محض 707 ملزمان کو سزائیں دلواسکے، فائل فوٹو
 پراسیکیوشن اور تفتیشی افسران محض 707 ملزمان کو سزائیں دلواسکے، فائل فوٹو

ضلعی عدالتوں میں مقدمات کا انبار، سائلین رل گئے

سید حسن شاہ :

سندھ بھر کی ضلعی عدالتوں میں سوا لاکھ مقدمات لٹک گئے۔ پراسیکیوشن اور تفتیشی افسران بھی رواں برس محض 707 ملزمان کو سزائیں دلواسکے۔ سال 2024 میں ضلعی عدالتوں سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 97 ہزار 408 مقدمات میں سے 38 ہزار 372 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے 4 ہزار 568 مقدمات میں ملزمان کو بری کر دیا گیا۔

راچی سمیت صوبہ بھر کی عدالتوں میں اب بھی ایک لاکھ 38 ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں۔ سب سے زیادہ کراچی کے 5 اضلاع کی عدالتوں میں مجموعی طور پر 87 ہزار609 مقدمات تاخیر کا شکار شامل ہیں۔ جن کی وجوہات میں فریقین، گواہان اور ضمانت پر رہا ملزمان کا اکثر سماعتوں پر غیر حاضر رہنا، تفتیشی حکام کی عدم دلچسپی اور تفتیش مکمل کرنے میں تاخیر شامل ہیں۔

کراچی سمیت سندھ کے28 اضلاع کی ماتحت عدالتوں میں روزانہ کی بنیاد پر کرمنل، سول اور فیملی نوعیت کے مقدمات کی سماعتیں ہوتی ہیں۔ جہاں سائلین اپنے مقدمات میں پیش ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ قتل، اقدام قتل، چوری و ڈکیتی سمیت سمیت دیگر کرمنل مقدمات میں گرفتار ہونے والے اور ضمانت پر رہا ملزمان بھی پیش ہوتے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو کراچی کی جیلوں سے پیشی کیلئے لایا جاتا ہے۔ جبکہ نئے مقدمات میں گرفتار ملزمان کو پولیس تھانوں سے عدالتوں میں پیشی کیلئے لیکر آتی ہے۔ ضلعی عدالتوں میں روزانہ کی بنیاد پر نئے مقدمات داخل ہوتے ہیں۔ جبکہ اسی طرح ان مقدمات کو نمٹایا بھی جاتا ہے۔

ضلعی عدالتوں میں اب بھی ایک لاکھ 38 ہزار 976 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ جن کی وجوہات میں فریقین، گواہان، ضمانت پر رہا ملزمان کا اکثر سماعتوں پر غیر حاضر رہنا، تفتیشی حکام کی عدم دلچسپی اور تفتیش مکمل کرنے میں تاخیر شامل ہیں۔ صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں سال 2024ء کے دوران پرانے ایک لاکھ 37 ہزار 908 مقدمات کے علاوہ نئے 38 ہزار 633 مقدمات داخل کیے گئے۔ جبکہ ٹرانسفر ہوکر 20 ہزار 21 مقدمات بھی ضلعی عدالتوں کو موصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر ایک لاکھ 97 ہزار 408 مقدمات میں سے38 ہزار372 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔

سندھ بھر کی عدالتوں نے عدم ثبوت و شواہد کی بنا پر 4 ہزار 568 ملزمان کو بری کیا۔ پراسیکیوشن محض 707 ملزمان کو سزائیں دلاسکی۔ عدالتوں سے 824 مقدمات فریقین کے درمیان صلح ہونے پر نمٹائے گئے۔ عدالتوں سے 20 ہزار60 مقدمات دیگر عدالتوں کو بھیجے بھی گئے۔ کراچی سمیت صوبہ کے 28 اضلاع کی عدالتوں میں اب بھی ایک لاکھ 38 ہزار 976 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ التوا کا شکار ہونے والے مقدمات میں کراچی کے 87 ہزار 609 مقدمات بھی شامل ہیں۔

’’امت‘‘ کو حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے ضلع جنوبی کی عدالتوں میں پرانے 13 ہزار 733 مقدمات کے علاوہ نئے 2 ہزار 926 مقدمات داخل کیے گئے۔ جبکہ 2 ہزار 70 مقدمات منتقل ہوکر اور 80 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 18 ہزار 809 مقدمات میں سے 2 ہزار 882 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے 280 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔ جبکہ 66 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔ 72 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی اور 2 ہزار 70 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیے گئے۔

ضلع جنوبی کی عدالتوں میں اب بھی 13 ہزار 856 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ضلع غربی کی عدالتوں میں پرانے 17 ہزار 482 مقدمات کے علاوہ نئے 2 ہزار987 مقدمات داخل کیے گئے۔ ایک ہزار 799 مقدمات منتقل ہوکر اور77 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ اس طرح 22 ہزار 345 مقدمات میں سے 3 ہزار 148 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے388 مقدمات میں ملزمان کو بری کیا گیا۔ جبکہ محض 40 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی جاسکیں۔ 58 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی اور ایک ہزار 788 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیے گئے۔

ضلع غربی کی عدالتوں میں اب بھی 17 ہزار 409 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ضلع شرقی کی عدالتوں میں پرانے 21 ہزار901 مقدمات کے علاوہ نئے4 ہزار 418 مقدمات داخل ہوئے۔ 3 ہزار 51 مقدمات منتقل ہوکر اور 99 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ مجموعی طور پر 29 ہزار 469 مقدمات میں سے3 ہزار 714 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے 365 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا جبکہ محض 38 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔ جبکہ 104 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی اور3 ہزار 54 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیئے گئے۔

ضلع شرقی کی عدالتوں میں اب بھی 22 ہزار 701 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ضلع وسطی کی عدالتوں میں پرانے 16 ہزار 16 مقدمات کے علاوہ نئے 2 ہزار 946 مقدمات داخل کیے گئے۔ ایک ہزار 524 مقدمات منتقل ہوکر اور 45 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر20 ہزار531 مقدمات میں سے 2 ہزار686 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے 365 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔ جبکہ 33 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی جاسکیں۔ 70 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوئی اور ایک ہزار524 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیئے گئے۔

ضلع وسطی کی عدالتوں میں اب بھی 16 ہزار 321 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ ضلع ملیر کی عدالتوں میں پرانے 17 ہزار 236 مقدمات کے علاوہ نئے 2 ہزار979 مقدمات داخل کیے گئے۔ ایک ہزار241 مقدمات منتقل ہوکر اور46 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر21 ہزار 502 مقدمات میں سے 2 ہزار 943 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ جن میں سے441 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔ جبکہ محض 61 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی جاسکیں اور 49 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی، جبکہ ایک ہزار 237 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیئے گئے۔ ضلع ملیر کی عدالتوں میں اب بھی 12 ہزار 322 مقدمات زیر سماعت ہیں۔

سندھ کے دیگر اضلاع حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، دادو، جامشورو، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سکھر، خیر پور، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکار پور، جیکب آباد، کشمور، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری اور سجاول کی عدالتوں نے سال 2024ء کے دوران مجموعی طور پر پرانے51 ہزار543 مقدمات کے علاوہ نئے22 ہزار377 مقدمات داخل کیے۔ جبکہ 13 ہزار 546 مقدمات منتقل ہوکر اور439 مقدمات بحال ہوکر موصول ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 83 ہزار 852 مقدمات میں سے22 ہزار999 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ ان میں سے2 ہزار 738 مقدمات میں ملزمان کو بری کردیا گیا۔ جبکہ محض 469 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائی جاسکیں۔ 526 مقدمات میں فریقین کے درمیان صلح ہوگئی اور 10 ہزار 386 مقدمات دوسری عدالتوں کو منتقل کردیئے گئے۔ اس طرح ان عدالتوں میں اب بھی 51 ہزار 367 مقدمات زیر سماعت ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔