فائل فوٹو
فائل فوٹو

رحیم یار خان: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 نہتے شہری قتل

رحیم یار خان کے تھانہ ظاہر پیر کے علاقے بستی لاشاری میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 نہتے شہری جاں بحق ہوگئے۔ واقعے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ پولیس کے سینئر افسران، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ چکے ہیں تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، اندھڑ، شر، اور کوش گینگ کے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاعات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ڈی ایس پی خانپور اظہر اقبال اور ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود کی قیادت میں پولیس ٹیمیں ملزمان کو گھیرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو حملہ آور ڈاکوؤں کے خلاف کامیابی کی قوی امید ہے۔

ڈی پی او رحیم یار خان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔