اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) افسران کو نقد انعامات دینے کی اسکیم کی منظوری دے دی۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق نقد انعامات صرف انکم ٹیکس اور کسٹمز کے 1800 کیڈر افسران کو دیے جائیں گے۔
ایف بی آر افسران کو انعامات دینے کی اسکیم کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کی وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دے دی ہے۔
قبل ازیں، ایف بی آر نے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت سینیئر افسران کے لیے ریٹنگ اینڈ ریوارڈ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، افسران کو کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کر کے انعام سے نوازا جائے گا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق کارکردگی بنیاد پر ایف بی آر افسران کو اے سے ای تک کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا اور سینیئر افسران کو بطور انعام نئی گاڑی ، تنخواہوں میں اضافہ اور اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔
کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو افسران کو ای میل اور موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام فیلڈ فارمیشنز تجرباتی بنیاد پر ریٹنگ سسٹم کے اجراء کے لیے تیار رہیں اس دوران گریڈ 17 اور بڑے افسران کو کوئی اسائمنٹ نہیں دی جائے گی۔