ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکا، 11 افراد جاں بحق، 6 زخمی
دھماکا اس وقت ہوا جب مزدور گاڑی میں کان سے بازار کی جانب جا رہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا ہے، فوٹو
ہرنائی: بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے سے 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے کول مائنز ایریا میں پک اپ گاڑی پر بم دھماکا ہوا ہے، جس میں 11مزدور جاں بحق اور 6زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور دھماکے کی جگہ کو تحویل میں لیکر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق شاہرگ کے علاقے میں دھماکے سے 11 مزدور جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں، شاہرگ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سوات اور شانگلہ سے بتایا جا رہا ہے۔