سحری اور افطاری میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال ناصرف صحت کے لیے مفید ہے بلکہ یہ جسم کو ہائیڈریٹ بھی رکھتا ہے، سحری میں کیلا، اخروٹ ، لسی کے استعمال سے دن بھر تازہ دم رہا جا سکتا ہے۔ دہی میں بڑی مقدار میں پروٹین شامل ہوتا ہے جس کے استعمال سے تا دیر بھوک بھی نہیں لگتی اور جسم میں پانی کی مقدار بھی محفوظ رہتی ہے، دہی کے مقابلے میں لسی معاونِ ہضم ہے جس سے غذا جلد ہضم ہو جاتی ہے۔ لسی میں کیلشیم، میگنیشیئم، پروٹین، نمکیات، فاسورس، سلفر، سوڈیئم وافر مقدار میں ہوتے ہیں جو طاقت فراہم کرتے ہیں اس لئے سحری کے لیے کیلا اخروٹ لسی ایک بہترین انتخاب ہے۔ ایک گلاس لسی تیار کرنے کے لیے آپ کو درج ذیل اجزاء درکار ہیں۔ اجزاء:
دہی 1 پیالی، کیلا 1/2، اخروٹ 3 سے 4 عدد، تل اور السی کے بیج 1 چائے کا چمچ، شہد 1 یا 2 چمچ۔ ترکیب:
فوڈ پروسیسر میں دہی، تل اور السی کے بیج، اخروٹ، شہد اور کیلا ڈال کر بلینڈ کر لیجیے، یہاں تک کہ اس کا مرکب کریمی ہو جائے۔ آپ اپنی پسند کے مطابق اخروٹ کی جگہ دوسرے خشک میوہ جات بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ کیلا اخروٹ لسی تیار ہے، اسے گلاس میں نکال کر اخروٹ کے چھوٹے ٹکڑوں سے گارنش کیجیے اور تازہ تازہ نوش کر لیجیے۔ سحری میں اس کا استعمال آپ کو دن بھر تازہ دم رکھنے میں مددگار ثابت ہو گا۔