فائل فوٹو
فائل فوٹو

غزہ کے مسلمانوں کی مدد میں مسلم ممالک بے بس

ندیم بلوچ :

مسلم ممالک غزہ اور بیت المقدس میں جاری فلسطینیوں کا قتل عام رکوانے میں مکمل بے بس نظر آرہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب اور دیگر مسلمان ریاستوں کی جانب سے اسرائیلی مظالم پر صرف زبانی احتجاج پر سیاسی قائدین اپنے عوام کا اعتماد کھوچکے ہیں۔ اس کی لپیٹ میں ترکیہ کے صدر طیب اردگان بھی آچکے ہیں۔ جو خود کو مسلم امہ کا بہترین لیڈر قرار دیتے ہیں۔ آزاد فلسطین کے نام پر ترک عوام سے ووٹ لینے والے طیب اردگان کی مقبولیت کا گراف زمین پر آچکا ہے اور وہ عوامی احتجاج کچلنے کیلئے تمام حربے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر اردگان نے اسرائیل سے تجارت بدستور جاری رکھی ہوئی ہے۔ اسی طرح مصری صدر عبدالفتاح السیسی بھی غزہ میں جنگ رکوانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ قاہرہ نیوز نے داخلی انٹیلی جنس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلسطینی عوام کے قتل عام پر مصری عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ عوام کسی بھی وقت حکومت پر یلغار کرسکتے۔ جبکہ اگلا نمبر اردن اور دیگر بڑے عرب و مسلم ملک کا آسکتا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ گزشتہ روز بھی صیہونی درندگی سے مزید 143 فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔یوں 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک شہدا کی تعداد 50 ہزار 082 ہو گئی ہے اور ایک لاکھ 13 ہزار 408 زخمی ہیں۔ غزہ کے شہری دفاع نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے میں سیوریج پمپ سے ملحق الفاروق مسجد کے قریب حملے میں پانچ افراد شہید اور 12 دیگر زخمی ہوئے۔ خان یونس میں قزان النجار کے علاقے میں بمباری سے دو افراد شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔

قابض فوج نے خان یونس کے شمال میں حماد شہر کے قریب خیمہ بستی کو نشانہ بنایا۔ جس میں چھ افراد شہید اور دیگر زخمی ہوئے۔ قابض فوج نے خان یونس کے مغرب میں المجائدہ کے علاقے پر فضائی حملہ کرکے درجنوں نہتے فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کیا۔ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے الناس اسٹریٹ پر بھی شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں بڑے پیمانے پر اموات کی اطلاعات ہیں۔

قابض فوج نے وسطی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ میں ابوالروس خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا۔ جس کے بعد تین شہید اور متعدد زخمی العودہ اسپتال پہنچے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے غزہ کے وسطی علاقے دیرالبلاح میں النخل اسٹریٹ پر الزراعی خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض فوج کی جانب سے الضعدہ کے علاقے القران میں بے گھر افراد کے مکان پر بمباری کی گئی۔ جس میں ایک شخص شہید ہوگیا۔ قابض فوج کے توپ خانے نے غزہ کے شمال میں واقع بیت لاہیا کے مغربی علاقوں اور پٹی کے جنوب میں واقع رفح کے مرکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ رفح کے علاقے مصباح میں شہریوں کے ایک گروپ پر گولہ باری سے متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے بیت لاہیا میں عالیان خاندان کے گھر پر بمباری سے تین شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔