بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات،قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب
بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے بیانات کا جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد پیدا ہونے والی ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں پہلگام حملے کے بعد کئے گئے بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ، کمیٹی بھارتی ناقابل عمل آبی اقدامات کے جواب دینے کا بھی جائزہ لے گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔ اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت شریک ہوگی۔
خیال رہے کہ پہلگام حملہ کے بعد مودی سکار آپے سے باہر ہو گئی ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ فوری معطل اور واہگہ بارڈر بند کرنے کااعلان کیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے پاکستان میں سفارتکاروں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،پاکستانی شہریوں کو ویزے بھی نہیں دئیے جائینگے۔
بھارت نے پاکستان سے سفارتی تعلقات مزید محدود کرتے ہوئے بھارتی دفاعی اتاشی کو پاکستان سے واپس بلانے کااعلان بھی کیا ہے ۔
بھارت میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ہر قسم کے ویزے بھی ختم کرنے کااعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانیوں کو 48گھنٹے میں بھارت چھوڑنےکا حکم دیا ہے ،واہگہ اٹاری بارڈر بند اور بارڈر چیک پوسٹ ختم کر دی جائے گی۔