فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کیخلاف قرارداد ٹالنے کی پی ٹی آئی کوشش ناکام

نمائندہ امت :

بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینے کے خلاف قرارداد کو پی ٹی آئی نے ٹالنے کی کوشش کی، جو ناکام ہو گئی۔

خیبرپختون اسمبلی میں یہ قرارداد پیپلز پارٹی کے احمد کنڈی نے پیشکش کی۔ جس پر صوبائی وزیر قانون آفتاب احمد نے اسپیکر سے درخواست کی کہ قرارداد کو اگلے اجلاس میں لایا جائے گا اور یہ قرار داد تیار نہیں اور اسے اپوزیشن ارکان کے ساتھ مشورے کے بعد پیش کیا جائے گا۔ تاہم احمد کنڈی نے کہا کہ ان کے پاس قرارداد تیار ہے اور انہوں نے لکھی ہوئی ہے۔ جس پر پی ٹی آئی کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔

اس حوالے سے احمد کنڈی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ قرارداد لانا پی ٹی آئی کا حق تھا۔ لیکن گزشتہ کئی دنوں سے دیکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس حوالے سے خاموش ہے۔ قرارداد لانے کا مقصد افواج پاکستان کو یقین دلانا تھا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے قوم متحد ہے۔ تاہم پی ٹی آئی کی خاموشی اور اس کی جانب سے کوئی بات نہ کرنے پر انہوں نے قرارداد لانے کا فیصلہ کیا اور یہ ضروری ہو گیا تھا کہ اس ایوان سے پاک فوج کو یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ صوبے کے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ کے پی اسمبلی نے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارتی حکومت کی عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور معاہدوں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ جبکہ صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھر پور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی احمدکریم کنڈی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر پی ٹی آئی، جے یو آئی اور دیگر اراکین کے دستخط موجود تھے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اور عہد کیا گیا کہ ایوان مادر وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ واضح رہے کہ اس قرارداد پر بحث کے بعد اس کو اپوزیشن اور حکومتی ممبران نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ جبکہ اس حوالے سے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مودی سرکار کے فالس فلیگ آپریشن کا پول خود بھارت میں کھل رہا ہے۔ بھارت کی اہم سیاسی، صحافتی اور سماجی شخصیات مودی کے اس فلاپ ڈرامے کو بے نقاب کر رہی ہیں۔

بھارتی عوام میں اب شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ مودی کے ڈراموں پر مزید یقین نہیں کرتے۔ مودی بھارت میں اپنی گرتی مقبولیت کو واپس حاصل کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ کیونکہ اس کا ٹریک ریکارڈ قتل و غارت پر مبنی ہے۔ دوسری جانب پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں اسرائیل اور امریکا کے بعد بھارت کے خلاف مظاہرے شروع ہو چکے ہیں اور عوام، سول سوسائٹی سمیت تاجر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر آرہے ہیں اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے سمیت بھارتی ترنگے نذر آتش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز بھی پشاور شہر کے وسط میں بھارتی آبی جارحیت کے خلاف عوام نے مظاہرہ کیا اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ عوام نے اسرائیل، امریکا اور بھارت تینوں کے خلاف بائیکاٹ کا مطالبہ کیا اور حکومت سے اپیل کی کہ امریکا ،اسرائیل اور بھارت تینوں ممالک دہشت گرد ہیں، ان کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات ختم کر دیئے جائیں۔ اسی طرح پشاور یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی بھارتی آبی جارحیت کے خلاف حکومت پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ جبکہ سوشل میڈیا پر بھارتی پروپیگنڈے کا بھی پاکستانی نوجوانوں کی جانب سے بھر پور جواب دیا جارہا ہے۔