اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کے بعد بھارت نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بھی ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ اقدام بھارتی حکومت کی جانب سے آزادی اظہار رائے پر ایک اور کاری ضرب کا نتیجہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پہلگام فالس فلیگ میں ناکامی کے بعد اب آزادی اظہار رائے پر پابندی لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ تاکہ حقیقت دنیا کے سامنے نہ آسکے۔
بھارت کی تمام ترجعلی کارروائیاں بے نقاب ہونے کے بعد اب مودی سرکار نے پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
بھارت میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ایکس اکاؤنٹ کو بلاک کرنے پر نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام تو پاکستان پر دھر دیا لیکن سچائی سامنے آنے پر اب سخت گھبراہٹ کا شکار ہے، پہلگام واقعے پر بھارت کے حالیہ اقدامات پاکستانی موقف کو تقویت دے رہے ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا کہ مودی سرکار سن لو آوازیں دبانے سے سچ چھپتا نہیں، بلاول پاکستان کے عوام کی آواز ہیں، ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنا بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے۔