فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت نے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت اختیار کی، جوابی کارروائی ہمارا حق ہے، پاکستان

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جس پر جوابی کارروائی کرنا پاکستان کا حق ہے، بھارتی اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے، بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ 7 مئی کی رات بھارت نے پاکستان پر جارحیت کا مظاہرہ کیا اور بھارت نے پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کیا، بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ہے اور جواب میں پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہے، پاکستان ہرممکن صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے، پاکستان بھارتی جارحیت کی مذمت کرتا ہے، بھارت نے امن کے بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاک مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہ دے سکا، بھارت پہلگام واقعے کا ایک بھی ثبوت پیش نہ کرسکا، پاکستان نے نیک نیتی سے پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پہلگام واقعے کا بغیر شواہد پاکستان پر الزام لگایا، پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات اٹھائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے متعدد شہروں میں ڈرون حملے کیے گئے، بھارتی اقدام نے 2 جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا، کیا کسی ملک کو سوشل میڈیا کی بنیاد پر حملے کی اجازت دی جاسکتی ہے، بھارتی خارجہ نے بریفنگ میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، بھارت کا دوسرے ممالک میں قاتل اسکواڈ کا سب کو علم ہے، بھارت دہشت گردی کا شکار ہونے کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دو طرفہ نہیں عالمی معاہدہ ہے، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی مذمت کرتے ہیں، بھارت یکطرفہ سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا، ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کو اس معاملے پر جواب دہ ٹھہرائے، ہم بھارت کے سیکرٹری خارجہ کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

شفقت علی خان نے یہ بھی کہا کہ نیلم جہلم منصوبے کو بھارتی حملے میں نقصان پہنچا، ایک بار پھر پہلگام واقعے پر پاکستان پر الزامات مسترد کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔