طیاروں کی تباہی۔جانی نقصان پر بھارت فرسٹریشن کا شکار

کراچی (خصوصی رپورٹ) دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت پاکستانی شہری آبادیوں پر رات کی تاریکی میں حملہ آور ہونے کے جواب میں پانچ جنگی طیاروں اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کی تباہی کے ساتھ ساتھ 54 کے قریب فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شدید فرسٹریشن کا شکار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ایک دن میں دو درجن سے زائد اسرائیلی ساختہ ڈرونز بھیجے گئے تاہم ان میں سے بھی 25 ڈرونز کو پاکستان کی مسلح افواج نے مار گرایا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی خفت مٹانے کے لیے بھارتی حکومت تباہ ہونے والے طیاروں کا ملبہ اور پائلٹس کی لاشیں چھپانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔اس مقصد کے لیے بھارتی میڈیا کو بھی شدید دباؤ میں رکھا گیا ہے اور طیاروں کی تباہی کی خبریں چھپنے کے بعد غائب کرائی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق اب نوبت یہاں تک جا پہنچی ہے کہ بھارتی پائلٹ پاکستان ایئر فورس کے ہاتھوں مارے جانے کے خوف سے جہاز اڑانے سے گھبرا رہے ہیں۔اس دوران جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسرائیلی ساختہ 25 ڈرونز کی پاکستان ایئر ڈیفنس سسٹم کے ہاتھوں تباہی کے نتیجے میں بھارت کو مزید شرمندگی اٹھانا پڑی ہے۔دوسری طرف بھارتی میڈیا معصوم بچوں اور خواتین سمیت 31 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر نہایت بے شرمی سے جشن منا رہا ہے جبکہ اس کے برعکس پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے اب تک صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی شہری آبادیوں کو ٹارگٹ نہ بنانے کی اصولی پالیسی اپنائی جائے گی تاہم یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ بھارت کو اپنی مہم جوئی کی قیمت ادا کرنا ہوگی اور پاک فوج اپنے وقت اور انتخاب کے مطابق حساب چکائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔