مودی سرکار باز نہ آئی تو ایسا سبق سکھائیں گے جو نسلوں تک یاد رہے گا، فائل فوٹو
 مودی سرکار باز نہ آئی تو ایسا سبق سکھائیں گے جو نسلوں تک یاد رہے گا، فائل فوٹو

دنیا بھر کے سِکھوں کی مودی سرکار پر لعن طعن

نمائندہ امت :
پاکستان پر بزدلانہ جارحیت کرنے والے بھارت نے ننکانہ صاحب سمیت پاکستان میں واقع سکھ برادری کے دیگر مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی ناپاک کوشش کی، جس پر دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری نے مودی سرکار کو شٹ اپ کال دی ہے۔ ساتھ ہی پاکستان اور بھارت میں بسنے والے سکھوں کو پاکستان کی حمایت کرنے اور اظہار یکجہتی کی ہدایت جاری کردی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے اپنی ڈرون جارحیت میں چک امرو (کرتاپور صاحب) کو بھی تباہ کر نے کی کوشش کی تھی لیکن یہ ڈرون پاکستان دفاعی نظام کی مضبوطی کے باعث سمت تبدیل ہونے سے کرتاپور سے کچھ فاصلے پر ایک سرکاری ڈسپنسری ہی کو نقصان پہنچا سکا تھا۔ بعد میں بھارت نے ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جو پاکستانی ریڈار سسٹم نے ناکام بنادی، جس کے بعد پوری دنیا میں سکھ برادری میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی اور انہوں نے بھارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکھ برادری کو متحد رہنے اور صبر و استقامت کا پیغا م دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت میں بسنے والے سکھوں کو پیغام دیا کہ مودی سرکار کی سازش کا مقابلہ کریں۔ اس سے پہلے بھارت نے اپنے ہی پنجاب کے علاقے میں گوردواروں کو نشانہ بنا کر اس کا الزام پاکستان پر لگانے کی کوشش کی تھی جو بھارت میں بسنے والے سکھوں نے ہی ناکام بنا دی۔

ساتھ ہی بھارت میں گودی میڈیاکو حقیقی چہرہ دکھانے والے آزاد بھارتی میڈیا نے بھی مودی سرکار پر سوال اٹھایا ہے کہ جب بھارت اپنے جنگی ٹھکانے اور تنصیبات کا پاکستانی فوج کے حملوں سے تحفظ نہیں کرسکا تو وہ عام بھارتی شہری کا تحفظ کیسے کرے گا۔ ادھر پاکستان میں بسنے والے سکھوں کا کہنا ہے کہ سکھ پاکستان کو پاک دھرتی سمجھتے ہیں اور کوئی سکھ کبھی بھی پاکستان کے خلاف نہیں لڑے گا۔ جبکہ بھارتی فوج میں سکھوں کی بڑی تعداد موجود ہے اور انہوں نے مودی سرکار پر پہلے ہی یہ واضح کردیا تھا۔

پاکستان میں سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی سیکریٹری جنرل ستونت کور نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ بھارتی افواج میں سکھ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ لیکن انہوں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف نہیں جانا۔ کیونکہ پاکستان ایک پاک دھرتی ہے اور گورو نانک دیو جی کا جنتم استھان ہے۔ یہاں سے سکھ کا دھرم شروع ہوا ہے اس لئے سکھ اس دھرتی کے خلاف کبھی بھی نہیں لڑیں گے اور امید ہے کہ آنے والے وقت میں حالات بہتر ہو جائیں گے اور سکھوں ہی کی وجہ سے ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سکھ ہمیشہ امن کا پیغام دیتا آرہا ہے اور امن ہی چاہتا ہے۔ بھارت سے پاکستان یاترا کیلئے آنے والے سکھوں نے بابا گورونانک دیو جی کے جنم استھان اوردوسرے گوروں کے گورداروں کی یاترا کی۔ انہیں بہت اچھا لگا اور خوشی محسوس ہوئی۔ ان کو پتا ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے۔ جب کہ مودی سرکار امن کو خراب کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میری دنیا بھر میں موجود اور خاص طور پر بھارت میں بسنے والی سکھ مائوں بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل ہے کہ ہم نے اس رشتے کو خراب نہیں ہونے دینا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی سازش کامیاب ہونے دینی ہے اور اس رشتے کو جوڑ کر رکھنا ہے۔ میں اپنی سکھ مائوں، بہنوں سے کہتی ہوں کہ وہ اپنے بچوں کوسمجھائیں کہ پاکستان ہماری پہلی دھرتی ہے۔ یہ ہمارے مذہب کا پہلا استھان ہے۔‘‘

ننکانہ صاحب پر بھارتی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گوردواراہ پربندھک کمیٹی کے چیئرمین اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اس ناپاک عمل کو بین الاقوامی قوانین، مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سکھ ہمیشہ امن کی بات کرتے ہیں۔ لیکن اگر بات سر سے اوپر ہوجائے تو جس طرح کا ہم نے بھارتی فوجی ٹھکانوں اور جنگی حکمتِ عملی کے اڈوں کو تباہ کیا ہے، اگر بھارت مزید باز نہ آیا تو پھر ایسا جواب دیا جائے گا جو مودی اور ایسی ذہنیت رکھنے والوں کو نسلوں تک یاد رہے گا۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ بھارت ایک سازش کے تحت مساجد، مقدس مقامات اور اقلیتوں کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ پاکستان کے پرامن تشخص کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سکھ برادری کے ساتھ رشتہ اخلاص، محبت اور عقیدت پر مبنی ہے۔ بھارت مسلم اور سکھ برادریوں کے درمیان نفرت کی فضا پیدا کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کے خلاف نفسیاتی جنگ چھیڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان پر امرتسر اور گولڈن ٹیمپل پر حملے سے متعلق بھارتی الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ درحقیقت پاکستان اپنے سکھ بھائیوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، جس کا سکھ برادری کو بھی مکمل ادراک ہے۔ سکھوں کی عالمی نمائندہ تنظیم ’سیو سکھ ہوم لینڈ پنجاب‘ نے ایک اشتہار بھی شیئر کیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران بھارت، گوردوارہ صاحب سمیت سکھوں کے مقدس مذہبی مقامات پرحملوں کی کوشش کررہا ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کا فوری نوٹس لیں۔