اب مودی کو اس کی اپنی پارلیمنٹ لعن طعن کررہی ہے، فوٹو مقامی میڈیا
اب مودی کو اس کی اپنی پارلیمنٹ لعن طعن کررہی ہے، فوٹو مقامی میڈیا

پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر غزہ کا بدلہ لے لیا، مولانا فضل الرحمٰن

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کا اتحاد تاریخ کا حصہ ہے، مودی سرکاری نے اسرائیلی نمائندہ بن کر پاکستان پر حملہ کیا مگر ہم نے بھرپور جواب دے کر غزہ کا بدلہ لے لیا۔

کوئٹہ میں جے یو آئی کی جانب سے منعقدہ بھارت اور اسرائیل مخالف ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل پہلے دن سے پاکستان کا دشمن ہے، انڈیا نے اسرائیل کا نمائندہ بن کر پاکستان پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو دندان شکست جواب اور عبرتناک شکست دے کر پاکستان نے غزہ کا بدلہ لے لیا۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے حکمران خواب خرگوش میں مصروف تھے مگر ہم نے روز اول سے اسرائیل کی مخالفت کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے جبکہ یہود ہنود ایک ہیں، اس معاملے پر پارلیمنٹ نے بھی جے یوآئی کا موقف تسلیم کرلیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کاہ کہ پاکستان کو مستقبل میں بھی انڈیا اسرائیل گٹھ جوڑ سے محتاط رہنا چاہیے، مسلم حکمران ہمت کریں تو اسرائیل کی قوت کو ختم کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے طاقت کے بل بوتے پر تنازعات حل کرنے کی کوشش کی، اب تم بے چارے سے اسمبلی میں نہیں بیٹھا جارہا، اب مودی کو اس کی اپنی پارلیمنٹ لعن طعن کررہی ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ پاکستان میں آج مکمل یکجہتی موجود ہے اور قوم کا فقید المثال اتحاد نظر آرہا ہے، ہم اپنے اوپر غلط نظر ڈالنے والوں کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دریائے سندھ پر نہریں بنانے اور مائنز منرل ایکٹ سے بلوچستان کے پی متاثر ہونگے، آئین کے مطابق تمام صوبوں کو انکے وسائل پر حق و اختیار حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد مودی نے الزام پاکستان پر لگا دیا، مودی کا باپ بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، مودی نے طاقت کے زور پر تنازعات کو حل کرنے کی کوشش کی تو پاکستان نے مودی کا جو حال کیا سب کے سامنے ہے، اسرائیل نے غزہ کے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کے مالک یہاں کے عوام ہیں، کوئی کسی کے وسائل پر قبضہ نہیں کرسکتا۔