محمد قاسم :
صوبہ خیبر پختون کے کیبل آپریٹرز نے انڈین پریمئر لیگ کے میچز نہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پاکستان کرکٹ لیگ یعنی پی ایس ایل کے میچز براہ راست دکھائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کیبل مالکان نے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے تاکہ مستقبل میں بھی بھارتی کرکٹ لیگ وغیرہ پر پابندی سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔
ذرائع کے بقول کرکٹ کے ساتھ ساتھ بھارتی ڈراموں، گانوں اور فلموں کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ بھارتی فلموں کی ریلیز، ان کے گانوں اور ڈراموں کو بھی نہیں دکھایا جائے گا۔ کیبلز سے جن بھارتی چینلوں کو ہٹایا گیا ہے، ان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں۔ دوسری جانب پشاور کے بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ پلازوں سمیت موبائل فروخت کرنے والی دکانوں اور مارکیٹوں سے بھارتی اداکاروں کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں اور پشاور صدر سمیت دیگر علاقوں میں ان پوسٹرز کو پھاڑ کر پھینک دیاگیا ہے۔ آئندہ صرف پاکستانی اداکاروں کی تصاویر موبائل و دیگر برانڈز پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
’’امت‘‘ کو معلوم ہوا ہے کہ پشاور صدر کی بڑی موبائل مارکیٹ میں چند بھارتی اداکارائوں کی تصاویر موبائل فونز پر آویزاں تھیں۔ تاہم پشاور صدر کے تاجروں نے بھارتی جارحیت کیخلاف مظاہروں کا سلسلہ کرنے کے بعد اب اگلا قدم اٹھاتے ہوئے بھارتی اداکاروں و اداکارائوں کی تصاویر والے پوسٹرز ہٹادیئے ہیں اور ان کی جگہ پاکستانی کرکٹرز و اداکاروں کی تصاویر لگائی جارہی ہیں۔
پشاور کے علاقہ فردوس میں موبائل کی فروخت کے ایک تاجر محمد ریاض نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ان کی دکان پر باہر ممالک سے موبائل فونز آتے ہیں اور ساتھ ہی کچھ پوسٹرز بھی دیئے جاتے ہیں کہ ان کے ساتھ یہ پوسٹرز شیشوں اور دیواروں پر لگائے جائیں۔ کیونکہ ان موبائل کی تشہیر کیلئے ان اداکاروں کو اشتہارات میں معاوضہ دے کر موبائل کی مقبولیت بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ اگر ان کی دکان بند ہو جاتی ہے۔ موبائل فروخت نہیں ہوتے۔ تب بھی وہ کسی بھارتی اداکار کی تصویر اپنی دکان پر نہیں لگائیں گے۔ اور جو پوسٹرز لگے ہوئے تھے، ان کو ہٹا کر سڑک پر رکھ کر آگ لگادی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس عمل کے بعد ان کے کاروبار میں ترقی ہوئی ہے اور خریداروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح مصروف ترین تجارتی مرکز کارخانو مارکیٹ میں بھارتی اشیا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وہ تمام اشیا جن پر بھارتی اداکاروں کی تصاویر چسپاں تھیں، ان کی خریداری سے تاجروں نے معذرت ظاہر کی ہے اور جو سامان دکانوں میں پڑا تھا وہ بھی کمپنیوں کو واپس کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب پشاور سمیت صوبہ بھر سے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے راولپنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں کو جانے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹکٹوں کے حصول کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں گزشتہ روز پی ایس ایل میں حصہ لینے والے کرکٹرز کے ناموں اور نمبرز کی جرسیوں کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ شہری قومی ہیروز کو براہ راست کھیلتا دیکھنے کیلئے راولپنڈی سمیت لاہور اور کراچی کا رخ کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ آج سے راولپنڈی میں پی ایس ایل میچز شروع ہو رہے ہیں۔ جس کیلئے پشاور سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع سے بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ نے پنڈی جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم شائقین کرکٹ کا مطالبہ ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد پشاور میں بھی کیا جائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos