فائل فوٹو
فائل فوٹو

9 مئی کیسز، عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے تیسری بار انکار

لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ تیسری مرتبہ ہے جب انہوں نے تفتیشی عمل میں تعاون سے گریز کیا ہے۔

لاہور سے آنے والی 13 رکنی تفتیشی ٹیم جو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی، بانی پی ٹی آئی کے انکار کے بعد واپس روانہ ہو گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پولی گراف، فوٹو گرامیٹرک اور وائس میچنگ ٹیسٹ انتہائی ضروری ہیں، اور ان کے بغیر تفتیش آگے نہیں بڑھ سکتی۔

یاد رہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق بانی پی ٹی آئی پر 11 مقدمات درج ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم بار بار تفتیش سے انکار تفتیشی عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

9 مئی کے واقعات کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے اور حساس تنصیبات پر حملے شامل ہیں۔

بانی پی ٹی آئی پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے بھاگ رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھر پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کئی دنوں سے ٹیسٹ کرنے والی پولیس ٹیم سے چھپ رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کبھی بادشاہ سلامت سو کر نہیں اٹھتے، کبھی کھانے میں مصروف ہوتے ہیں، اور کبھی ان کے وکیل دستیاب نہیں ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو آج بھی یہ یقین نہیں ہو رہا کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور جیل میں قید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو یاد رکھنا چاہیے کہ یہ بنی گالہ نہیں بلکہ اڈیالہ جیل ہے۔ لاہور پولیس پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے مسلسل ان کے پیچھے ہے، جبکہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ مسلسل راہ فرار اختیار کر رہا ہے تاکہ اس کا جھوٹ بے نقاب نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔