فائل فوٹو
فائل فوٹو

فلسطینی مزاحمت نے امریکہ کو حیران کر دیا

ندیم بلوچ :

واشنگٹن میں عیسائی فدائی نے یہودیوں کی محفل میں دو صہیونی سفارتکاروں پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ انتہائی تعلیم یافتہ 30 سالہ فدائی الیاس روڈریگز دو صہیونی سفارتکاروں کو جہنم واصل کرنے کے بعد بھاگا نہیں۔ بلکہ پولیس کا انتظار کرتا رہا۔ گرفتاری کے وقت اس کے کورٹ سے سرخ کوفیہ، ایک گلوک پسٹل اور اس کا شکاگو کا آئی ڈی کارڈ برآمد ہوا۔

گرفتاری کے وقت اس نے ’’فری فری فلسطین‘‘ کے نعرے لگائے اور کہا کہ اسرائیل اور امریکا جو کچھ غزہ میں کر رہے ہیں، یہ اس کا بدلہ ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ نوجوان امریکی فدائی نے یہ کارروائی شہر کے مرکز میں انجام دی۔ جیوش میوزیم امریکی خفیہ ادارے ایف بی آئی ہیڈکوارٹر سے محض چند قدم فاصلے پر ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کارروائی کے دوران بھگڈر مچنے سے کئی یہودی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فدائی حملہ آور کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں۔ وہ شکاگو کی پارٹی فار سوشلزم اینڈ لبریشن (پی ایس ایل) کا رکن ہے۔ یہ جماعت روایتی طور پر فلسطینی کاز کی حمایت کیلئے جانی جاتی ہے۔ پارٹی کے رہنما یوجین پورویر نے اسرائیل پر حماس کے حملے کے ایک دن بعد 8 اکتوبر 2023ء کو ٹائمز اسکوائر میں فلسطین کی حامی ریلی کی قیادت کی تھی۔ ادھر کتائب القسام کے ترجمان ابوعبیدہ نے ٹیلی گرام میں ایک مختصر پیغام میں الیاس روڈریگز کو جرأت مندانہ کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ روڈریگز نے کیا، وہ صہیونی مظالم کے خلاف فطری ردعمل تھا۔ اس سے واقعے سے قبل جنین میں یورپی سفارتی وفد پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر دی۔ جس پر اٹلی، فرانس، اسپین اور بلجیم نے اسرائیلی سفیروں کو طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تیانی نے کہا ہے کہ جنین میں سفارتکاروں پر فائرنگ ناقابل قبول دھمکی ہے۔ اسرائیلی حکومت اس سنگین واقعے کی فوری وضاحت دے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں جاری حارحیت کے خلاف عالمی سطح پر غم و غصہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ یورپی ممالک سمیت اسرائیل میں بھی نسل کشی کے خلاف مظاہرے شدت اختیار کرگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں صہیونی سفارتکاروں کی ہلاکت کے بعد غزہ کو پھر سے خون سے نہلادیا گیا ہے۔ قابض فوج نے غزہ کے شمال میں واقع تل الزاطر میں العودہ اسپتال کو گھیرے میں لے لیا۔ ریٹرن ہیلتھ ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے اسپتال کی عمارتوں پر مسلسل فائرنگ کرتے ہوئے خصوصی سرجری کے شعبے کو نشانہ بنایا اور ادویات کے اسٹاک تباہ کردیئے۔

خان یونس کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ دیرالبلاح کے علاقے البرکہ میں پانی کے ذخائر کے قریب بے گھر افراد کی رہائش گاہوں پر اسرائیلی فضائی حملے میں دس افراد شہید و دیگر زخمی ہو گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 89 افراد شہید کردیئے گئے ہیں۔

ادھر مجاہدین کی جانب سے غزہ کے شمالی علاقوں سے اسرائیلی شہر عشکلان اور اسدوت پر دس راکٹ فائر کیے گئے۔ جبکہ مجاہدین نے شجاعیہ، بیت لاہیہ، شیخ رضوان اور جبالیہ میں مزید چھ صہیونی فوجی ہلاک و زخمی کردیئے۔ یوں حالیہ در اندازی میں جہنم واصل ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد 23 تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ زخمی فوجیوں کی تعداد ایک سو پندرہ ہے۔