محمد نعمان:
نادرن بائی پاس پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں ایشین کنگ نامی بیل نے دھوم مچا دی ہے۔ 120 من سے زائد وزنی بیل کو دیکھنے کیلئے شہری بڑی تعداد میں مویشی منڈی کا رخ کر رہے ہیں۔ پاکستان کے 4 بڑے میلے جیتنے والے ایشین کنگ کی قیمت ایک کروڑ 5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ جبکہ 80 لاکھ روپے کا سلطان بیل دیکھنے کیلئے بھی شہری قطار بنائے کھڑے رہتے ہیں۔ نادرن بائی پاس پر لگنے والی منڈی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد جانور فروخت کیلئے پہنچا دیئے گئے ہیں۔ مزید 2 لاکھ جانوروں کی گنجائش باقی ہے۔ اونٹ اور بکروں کیلئے الگ بلاک بنائے گئے ہیں۔
19 اپریل کو ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی نادرن بائی پاس کا افتتاح کیا گیا تھا۔ افتتاح کے دوران ہی شہریوں کی ایک بڑی تعداد مویشی منڈی پہنچ گئی تھی۔ 1200 ایکڑ پر پھیلی مویشی منڈی میں 20 بلاک بنائے گئے ہیں۔ اونٹ، بکروں اور گائے کے الگ الگ بلاک ہیں۔ اس بار مویشی منڈی میں 3 لاکھ جانوروں کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ جس میں 2 لاکھ بڑے اور ایک لاکھ چھوٹے جانور شامل ہیں۔ مویشی منڈی میں وی وی آئی پی ٹینٹ کیلئے الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ جس کا کرایہ ڈھائی لاکھ روپے ہے۔ جبکہ جنرل بلاکس میں چھوٹے جانوروں کیلئے بہت ساری سہولیات مفت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
نادرن بائی پاس پر لگنے والی منڈی میں یومیہ ایک ڈرم پانی منڈی انتظامیہ کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ بکرے کی انٹری فیس 2250 اور گائے کی انٹری فیس 4 ہزار 500 روپے رکھی گئی ہے۔ مویشی منڈی کے داخلی راستوں پر ڈاکٹروں کی ٹیم بھی بٹھائی گئی ہے۔ جو جانور داخل ہونے سے قبل اس کا معائنہ کرتے ہیں۔ مکمل معائنہ کے بعد جانور کو اندر داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔ منڈی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور منڈی کی انتظامیہ تعینات ہے۔
اس بار مویشی منڈی میں جانور خریدنے کے ساتھ ساتھ بیوپاری سے ٹوکن لینا لازمی ہوگا۔ ٹوکن دکھانے کے بعد جانور کو مویشی منڈی سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ کسی جانور کو باہر جانے کی اجازت نہیں۔ مویشی منڈی کے افتتاح کے بعد یہاں ایشین کنگ کی انٹری ہوئی۔ جس کی وڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ ایشن کنگ کی وڈیوز وائرل ہونے پر شہریوں کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کیلئے منڈی پہنچنے لگی۔ 120 من سے زائد وزنی ایشین کنگ کو 3 رسیوں کے ساتھ سڑک کے درمیان باندھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ شہری سیلفی اور وڈیوز بنارہے ہیں۔ جبکہ اب تک اس کی قیمت 20 لاکھ روپے تک لگا دی گئی ہے۔
’’امت‘‘ نے ایشین کنگ کے مالک بابا سلیم سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ’’اس سے قبل میرا ایک جانور تقریباً 114 من وزنی تھا اور اس کا ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔ لیکن ایشین کنگ نے اس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ایشین کنگ اب تک پاکستان میں فیصل آباد، لاہور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ کے میلے جیت چکا ہے‘‘۔
ایک سوال پر بابا سلیم نے کہا ’’میں نے اسے کالے چنے، چوکر، مکئی، منرل پوڈر، میٹھا سوڈا اور دودھ سمیت دیگر چیزیں کھلا پلا کر پالا ہے۔ اس امید کے ساتھ کراچی آئے ہیں کہ اس بار ایشین کنگ فروخت ہوجائے گا۔ اگر کراچی میں اس بار یہ فروخت نہ ہوا تو اگلے سال اسے لاہور میں ذبح کریں گے۔ اس کی قیمت ایک کروڑ 5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ شہری یہاں 15 سے 20 لاکھ روپے کی قیمت لگا رہے ہیں۔ ہم نے شرط رکھی ہے کہ ایشیا میں اتنا بڑا وزنی جانور دیکھا دیں تو میں یہ جانور اسے دے دوں گا‘‘۔
نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں موجود 22 من وزنی سلطان نے بھی اپنے بلاک میں دھوم مچائی ہوئی ہے۔ سلطان کی قیمت 80 لاکھ روپے ہے۔ جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد مویشی منڈی کا رخ کر رہی ہے۔ سلطان کو کراچی میں ہی پالا گیا ہے اور اس کی خوراک میں دودھ، مکھن اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔
نادرن بائی پاس میں جہاں بڑے جانور شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ وہیں پر چھوٹے اور خوبصورت جانوروں نے مویشی منڈی میں الگ رونق لگا رکھی ہے۔ ڈھائی سے تین من کے جانور کے 3 لاکھ روپے وصول کیے جارہے ہیں۔ ملتان سے آئے محمد عمران نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ ’’22 برسوں سے کراچی مویشی منڈی رخ کر رہا ہوں۔ کراچی والے بڑے دیر بعد مطمئن ہوکر جانور خریدتے ہیں۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ہر بار سارے جانور فروخت کرکے گھر جاتے ہیں۔ اس بار ملتان سے کراچی فروخت کیلئے 10 چھوٹے اور بڑے جانور لائے ہیں۔ ہمارے پاس ڈھائی لاکھ روپے سے لے کر 15 لاکھ روپے تک کے جانور موجود ہیں۔
امید کرتے ہیں اس بار بھی سارے جانور فروخت کرکے ہی گھر جائیں گے‘‘۔
’’امت‘‘ نے مویشی منڈی انتظامیہ سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ اس بار مویشی منڈی میں خریداروں کا رش زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو مویشی منڈی میں میلا سجایا جاتا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کتنے جانور فروخت ہوگئے ہیں۔ مویشی منڈی میں روزانہ ٹرکوں اور کنٹینر میں جانوروں کی انٹری ہو رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos