عبداللہ بلوچ :
بھارت کی ناکام افواج کے اعزاز میں آئی پی ایل کی اختتامی تقریب مکمل طور پر فلاپ رہی۔یہ بھارتی افواج کا پاکستان کے ہاتھوں بھاری نقصان پہنچنے کا اعتراف ہے۔ اسی وجہ سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت کے باوجود بھارتی افواج کے سروس چیفس آئی پی ایل کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے نہیں آئے۔
دوسری جانب پاکستانی افواج کے ہاتھوں بدترین شکست کو کور فراہم کرنے کیلئے جنرل انیل چوہان نے کرکٹ کی بے تکی مثالیں دیں ہیں۔ جنرل انیل چوہان کا کہنا تھا ’’ٹیم جیت جاتی ہے تو وکٹیں گرنے کا سوال نہیں اٹھتا، پیشہ ور فوجیوں پر نقصانات کا اثر نہیں ہوتا۔ پیشہ ور فوج عارضی نقصانات سے متاثر نہیں ہوتی کیونکہ مجموعی نتائج اس طرح کے دھچکے سے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ اگر کسی ٹیم کو کسی بھی طریقے سے جیتنا ہے تو اس بارے میں کوئی سوال نہیں ہے کہ کتنی وکٹیں گری ہیں۔‘‘
اس سے قبل بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے چند روز قبل بھی امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں بھارتی طیارے گرنے کا اعتراف کیا تھا۔ تاہم انہوں نے تباہ ہونے والے طیاروں کی تعداد بتانے سے گریز کیا تھا۔ادھر بھارتی سرکار نے اپنی ناکام افواج کے اعزازمیں آئی پی ایل کی اختتامی تقریب کا اہتمام کیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مودی کی ہدایت پربی سی سی آئی نے ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہوں کو اس تقریب میں مدعو کیا۔ تاہم عین موقع پر تینوں سربراہان نے آنے سے انکار کردیا۔
روزنامہ جاگرن کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہوں نے آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں شرکت کے لیے بی سی سی آئی کی دعوت کو ٹھکرا دیا۔ آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ سبھی نے بغیر کسی وجہ بتائے تقریب میں شرکت سے انکار کیا۔ بی سی سی آئی نے اسٹیڈیم کے اندر مخصوص نشستوں سے میچ دیکھنے کے لیے 1000 فوجیوں، فوجی افسران اور ان کے اہل خانہ کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے۔ لیکن فوج کیلئے مختص اسٹینڈ بھی ویرانی کا منظر پیش کرتا رہا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا بھر میں اپنی ہزیمت کا کسی ملک کی جانب سے عوامی انداز میں جشن منایا گیا ہو۔ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں فائنل کے موقع پر اپنی ناکام مسلح افواج کو ٹریبیوٹ پیش کیا گیا۔ اس تقریب پر دنیا بھر میں بھارتی بورڈ کا مذاق بنایا جارہا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھارتی خود اپنی مسلح افواج کی ناکامی اور مودی حکومت کی عجیب منطق پر انہیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔ آئی پی ایل فائنل کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کی طرح آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا جس پر مداح، منتظمین کا مذاق بنارہے ہیں۔