سید حسن شاہ:
کراچی کی جیلیں شدید گرمی میں تندور بن گئی ہیں۔ رات کے اوقات میں بھی بیرکوں کی تپتی چھت اور دیواروں نے قیدیوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ کراچی کی جیلوں میں گنجائش سے ساڑھے 8 ہزار اضافی قیدی ہونے کی وجہ سے صورت حال تشویش ناک ہوچکی ہے۔ جیلوں میں 50 قیدیوں کی گنجائش والی بیرک میں 90 قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ کراچی کی سینٹرل اور ملیر جیلوں میں گرمی کا شکار ہونے والے قیدیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لئے ہیٹ اسٹروک سینٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کی وجہ سے کراچی کا درجہ حرارت33 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ رہا ہے۔ جبکہ محسوس کی جانے والی گرمی کا درجہ حرارت اس سے زائد ہے۔ موجودہ گرمی کی لہر نے عام شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کررکھا ہے تو دوسری جانب کراچی کی جیلوں میں بند قیدی بھی شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔ کیونکہ کراچی کی جیلوں میں گنجائش سے کئی گنا زیادہ قیدی بند ہیں۔
حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق کراچی جیلوں میں قتل ، اقدام قتل ، پولیس مقابلہ ، چوری و ڈکیتی ، اسلحہ ، دھماکہ خیز مواد ، منشیات ، فراڈ و دھوکہ دہی ، جلاؤ گھیراؤ ، ہنگامہ آرائی ، بلوا سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات میں گرفتار تقریباً 13 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں۔ سینٹرل جیل کراچی میں 2400 قیدیوں کی گنجائش ہے مگر اس وقت یہاں7 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں۔
جبکہ2200 قیدیوں کی گنجائش والی ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں ساڑھے 6 ہزار قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ قیدیوں کی رہائی اور جیل منتقلی کی وجہ سے جیلوں میں قید ملزمان کی تعداد میں اتار چڑھاؤ رہتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی کی جیلوں میں موجود 80 سے زائد بیرکوں میں ایک بیرک میں 50 قیدیوں کی گنجائش ہے۔ لیکن ایک بیرک میں 90 سے زائد قیدیوں کو بند رکھا جارہا ہے۔
قیدیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہونے کے باعث ہر بیرک میں اوسطاً 100سے 150قیدیوں کو رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جیلوں میں جو بیرکیں قائم ہیں وہ کھلے آسمان تلے موجود ہیں جن پر دن کے اوقات تپتی دھوپ پڑنے سے بیرکوں کی چھتیں اور دیواریں آگ اگلنے لگتی ہیں جو شام تک اتنی گرم ہوجاتی ہیں کہ رات کے اوقات بھی قیدیوں کو شدید گرمی میں سونے میں دشواری کا سامنا رہتا ہے۔
اس ضمن میں جیلوں میں فلاحی کام کرنے والے سماجی کارکن فواد شیروانی نے ’’امت‘‘ کو بتایاکہ اس وقت تمام جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدی رکھے ہوئے ہیں جبکہ سب سے زیادہ اوور کراؤڈ جیل ڈسٹرکٹ ملیر جیل ہے جہاں گزشتہ 9 سے 10 سال سے گنجائش سے زائد قیدی موجود ہیں۔ قیدیوں کی گنجائش زیادہ ہونے کی وجہ سے جیلوں کی بیرکوں میں بھی ضرورت سے کافی زیادہ قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔ کسی بیرک میں 100 قیدیوں کی گنجائش ہے تو وہاں 150 یا اس سے بھی زیادہ قیدیوں کو رکھا جارہا ہے۔
اس وقت جو شدید گرمی کی لہر جاری ہے اس دوران قیدیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ، گرمی سے قیدی مختلف بیماروں میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں جن میں گرمی دانے، پیچش، اسکیبیز و دیگر جلدی امراض شامل ہیں۔ گرمی سے بیمار ہونے والے قیدیوں کو جیل میں ہی طبی امداد فراہم کردی جاتی ہے جو کہ مستقل حل نہیں ہے۔ کیونکہ کم گنجائش میں زیادہ قیدیوں کو رکھنے سے انہیں شدید گرمی لگتی ہے۔
بیرکیں کھلے آسمان تلے ہیں تپتی دھوپ کی وجہ سے بیرکوں کی دیواریں اور زمین آگ اگل رہی ہوتی ہے ایسے میں قیدیوں کا بیرکوں میں رہنا کسی جہنم میں رہنے سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے بتایاکہ قیدیوں کو بیرکوں میں اس طرح رکھا جانا چاہیئے تاکہ شدید گرمی میں انہیں ہیٹ اسٹروک نہ ہو اور وہ سکون سے رہیں تاہم جیل انتظامیہ اپنے طور پر انتظامات کرتی ہے۔
اس حوالے سے سینٹرل جیل کراچی کے سینئر سپریٹنڈنٹ عبدالکریم عباسی نے بتایاکہ ہم نے شدید گرمی کی وجہ سے جیل میں ہیٹ اسٹروک روم قائم کررکھا ہے جہاں ایئر کنڈیشن ، اضافی پنکھے اور ضروری سامان موجود ہے۔ جبکہ ہیٹ اسٹروک میں مبتلا مریض کی دیکھ بھال کے لئے الگ سے ٹیم بھی بنادی ہے۔ اس کے علاوہ جیل کے اسپتال کو بھی ایئرکنڈیشنڈ کردیا گیا ہے۔ جبکہ بیرکوں میں بھی اضافی پنکھے لگائے گئے ہیں۔ ہم نے جیل میں جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کے کولر بھی لگادیئے ہیں۔ تاکہ شدید گرمی میں کسی بھی قیدی یا عملے کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایاکہ اس وقت عدالتوں میں بھی کافی تعداد میں قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کرائی جارہی ہے، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں میں لیکر جانے اور واپس لیکر آنے والے قیدیوں کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے اور رش بھی کم ہوا ہے۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کروائیں تاکہ کسی بھی قیدی کو ہیٹ اسٹروک کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایاکہ جیل میں کسی بیرک میں 50 کی گنجائش ہے تو وہاں 70 سے 80 قیدیوں کو رکھا ہوا ہے۔ جبکہ کہیں بیرکوں میں اس زیادہ قیدی بھی رکھے ہوئے ہیں کیونکہ ہمارے پاس گنجائش سے کافی بڑی تعداد میں قیدی موجود ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos