محمد قاسم :
ایران اسرائیل جنگ بندی کے باوجود پشاور سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی اقدامات سخت ہیں۔ پشاور میں بیشتر این جی اوز کے دفاتر بند پڑے ہیں۔ جبکہ غیر ملکی قونصل خانوں کی سیکورٹی اب بھی سخت ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری میں اضافہ کرنے سمیت حساس مقامات کی طرف جانے والے راستے بھی رکاوٹوں کے ذریعے بند ہیں اور بغیر شناخت کے کسی کو بھی راستے استعمال کی اجازت نہیں دی جارہی۔ جبکہ امریکی قونصلیٹ سمیت ایرانی قونصلیٹ کی سیکورٹی کیلئے موثر ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس چوبیس گھنٹے الرٹ ہے اور سفارتی عملے کو بھی نقل و حمل محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر جانچ پڑتال کسی بھی گاڑی یا شخص کو قونصلیٹ کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے اورکسی بھی قسم کی ضروری ملاقات کے لئے پہلے وقت دیا جائے بعد میں ملاقات کروائی جائے۔ جبکہ سفارتی عملہ بھی اطلاع دیئے بغیر سفر سے گریز کرے تاکہ ان کی سیکورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بندش کی وجہ سے این جی اوز میں کام کرنے والے افراد گھروں میں بیٹھ گئے ہیں .
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیز فائر کے بعد این جی اوز جلد دوبارہ اپنا کام شروع کر دیں گی۔ فی الحال سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاتر کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق پشاور میں امریکی قونصلیٹ ،ایرانی ثقافتی مرکز سمیت دیگر غیر ملکی سفارتخانوں کی سیکورٹی بڑھائی گئی ہے اور سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری مزید تعینات کی گئی ہے۔ جبکہ پشاور پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے غیر ملکی سفارتخانوں کے دورے بھی کئے جارہے ہیں اور سیکیورٹی کا باقاعدہ جائزہ لیکر ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
امریکی قونصلیٹ دیگر سفارتخانوں کے اطراف میں اضافی اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے اور جدید اسلحہ سے لیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر آنے جانے والے شخص پر گہری نگاہ رکھیں اور بغیر پیشگی اطلاع کے کسی کو بھی سفارتخانے کے اندر جانے کی اجازت نہ دی جائے بلکہ پہلے وقت دیا جائے اور بعد میں ملاقات کیلئے جانے کی اجاز ت دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جبکہ دوسری جانب سفارتی عملے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے اگر ضرورت پڑنے پر سفر کر رہے ہیں تو اس کی پہلے سے اطلاع دی جائے تاکہ ان کی سیکورٹی کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں۔ جبکہ پشاور میں حساس ترین اور حساس مقامات کی طرف جانے والے راستوں کی سیکورٹی بھی انتہائی سخت کر دی گئی ہے جہاں پر اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ پشاور میں کارخانو کی طرف سے داخل ہونے والے راستے پر گورا قبرستان کے قریب پوسٹ قائم ہے جہاں پر چوبیس گھنٹے اہلکار تعینات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان اہلکاروں کو مزید الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شہر کے اندر سنٹرل جیل پشاور ، گورنر ہائوس، وزیراعلیٰ ہائوس، پولیس لائن اور ہائیکورٹ سمیت سیشن کورٹ کی طرف جانے والے راستوں کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ جبکہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر امام بارگاہوں کی سیکورٹی بھی سخت کی گئی ہے تاکہ محرم سے پہلے کسی بھی قسم کا کوئی سیکورٹی معاملہ پیش نہ آئے اور پشاور میں کوہاٹی سمیت اندرون شہر امام بارگاہوں کے اطراف ابھی سے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ جبکہ خراب لائٹس ہٹا کر نئی لائٹیں لگانے کا سلسلہ بھی جار ی ہے ۔اسی طرح ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور نالیوں کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ساتھ ہی تجاوزات کے خلاف بھی انتظامیہ حرکت میں آئی ہے تاکہ محرم الحرام کے جلوسوں کے موقع پر کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos