فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ، بجلی غائب

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔

بارش کا آغاز ایم نائن سے ہوا، پھر گلشن معمار، گلشن، گلستان جوہر، شاہ فیصل، کورنگی، لانڈھی، ملیر، بن قاسم، حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، جمشید روڈ، صدر، کورنگی،آئی آئی چندریگر روڈ، طارق روڈ، اورنگی، نارتھ ناظم آباد، نئی کراچی، سرجانی، اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کڑکنے کے بعد بادل زور دار انداز سے برسے۔ ڈیفنس، کلفٹن، بلدیہ، شیر شاہ، کیماڑی، نارتھ کراچی اور سعدی ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں بھی طوفانی بارش ہوئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے۔ سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔

موسمیاتی ماہرین کی پیشگوئی کے حساب سے کراچی میں بارش کا سلسلہ اتوار تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

کراچی کے شہریوں کیلیے ہدایت ہے کہ وہ تیز بارش کے دوران گھروں پر رہنے کو ترجیح دیں، گڑھوں یا پانی جمع ہونے والی سڑک اور برسات کے دوران کسی نئے راستے پر جانے سے گریز کریں۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، برقی آلات اور سوئچ بورڈ کو چھونے سے بھی گریز کریں۔