فائل فوٹو
فائل فوٹو

صہیونی فوج پر مجاہدین کے تابڑتوڑ حملے

ندیم بلوچ :
مجاہدین نے ایک مرتبہ پھر صہیونی فوجیوں کو خاک چٹادی۔ اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات میں غزہ کے شمالی علاقے بیت حنون میں گزشتہ رات گھات لگا کر کیے گئے حملے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ جس کے نتیجے میں 19 فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ حملہ اس وقت ہوا جب دو بٹالین علاقے کو خالی کرنے کیلئے آگے بڑھ رہی تھیں۔ حملے کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہوئے۔ جن میں سے دو شدید زخمی اور چھ معمولی زخمی ہوئے

تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کفیر بریگیڈ کی 97 ویں بٹالین کی ایک فورس کو دو بارودی سرنگوں سے گھات لگاکر اڑادیا گیا۔ جبکہ زخمیوں کو نکالنے کے دوران حماس فائٹرز نے امدادی ٹیموں پر فائرنگ کی۔ جس سے تین ریسیکیو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ ان سے ایک کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں ایک اعلیٰ افسر بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دوسری ریسکیو فورس ایک مختلف سمت سے جائے وقوعہ پر پہنچی اور اس پر بھی شیلنگ کی گئی۔

اس کے علاوہ القسام بریگیڈ نے منگل کو خان یونس کے شمال میں واقع الستار کے علاقے میں اسرائیلی فورسز پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔ ادھر سرایا القدس نے شجاعیہ محلے میں ٹینک شکن دھماکہ خیز مواد سے دو صہیونی مرکاوا ٹینک کو تباہ کردیئے۔ جس کی ویڈیو بھی نشر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرایا القدس نے خان یونس میں المرس اسٹریٹ پر ایک گھر کے اندر پناہ لینے والی اسپیشل فورس کو 107 ایم ایم گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا۔

مجاہدین کی تازہ کارروائیوں کے حوالے سے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم روزانہ دشمن کو نقصان پہنچائیں گے۔ نیتن یاہو نے اپنی افواج غزہ میں داخل کرکے سب سے بڑی غلطی کی ہے۔ ہمارے لوگوں کی استقامت اور جنگجوؤں کی بہادری ان درندوں کا صفایا کرے گی۔ ہمارے جنگجو شمال سے جنوب تک دشمن سے دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ بیت حنون میں دشمن کو جو نقصان پہنچا، اس سے زیادہ نقصان عنقریب دیکھنے کو ملے گا۔ اسرائیل نے اپنے قیدیوں کی جانوں کی پرواہ نہیں کی اور منی سویپ ڈیل کو ناکام بنا دیا‘‘۔

ادھر فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائی نے اسرائیلی سیاسی اشرافیہ میں بڑے پیمانے پر ردعمل کو جنم دیا ہے۔ اس حوالے سے سیاستدان لائبرمین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے اور اسے اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو نے غزہ میں فوجی کمانڈرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فوج نے حالیہ ہفتوں میں حماس کے جنگجوؤں کی دلیری میں اضافہ دیکھا ہے۔ حالیہ مہینوں میں 70 فیصد سے زیادہ ہلاکتیں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کے نتیجے میں ہوئیں۔