میگزین رپورٹ :
چینی کھلونوں نے دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر دیئے۔ چھوٹے ہوں یا بڑے چینی کھلونا ساز کمپنی پاپ مارٹ نے دنیا کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ جنون کا عالم یہ ہے کہ خریدار کھلونے دیکھے بغیر یعنی بلائنڈ باکس کے حصول کیلئے منہ مانگے دام دینے کیلئے بھی آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔ ان بلائنڈ باکسز میں مختلف اقسام اور افسانوی کردار پر مبنی گڑیائیں جیسے مولی، ڈیمو، پوکی اورلابوبو ہوتی ہیں۔ خاص طور پر کھلونوں کی جدید تخیلق، ڈیزائن اور رنگ بچوں کی دلچسپی کا سبب بنا ہوا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ان کھلونوں کے بیشتر صارفین 13 سے 35 برس کی عمر کے گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن افسانوی کرداروں نے پاپ مارٹ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، ان میں مولی کا کردار سب سے اہم ہے۔ اس کی بڑی آنکھیں، چھوٹا منہ اور مختلف تھیمز کے کاسٹیومز اسے خریداروں میں مقبول بناتے ہیں۔ مولی نے گزشتہ دو برس میں پاپ مارٹ کو سات سو ملین ڈالر کما کر دیئے۔ کمائی میں دوسرے نمبر پر لابوبو ہے۔ جو ایک عجیب و غریب مگر پیارا شیطان نما کریکٹر ہے۔ وہ اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔ یہ کردار ہانگ کانگ کے فنکار کاسنگ لونگ نے اپنی کامیک سیریز میں ایک اسکیچ پینسل سے تحلیق کیا۔
بعدازاں اس خاکے کے عوض پاپ مارٹ نے کاسنگ سے یہ کردار پندرہ ملین ڈالر میں خرید لیا۔ جو پاپ مارٹ کو 280 ملین ڈالر کما کر دے چکا ہے۔ جبکہ دیگر ہاٹ سیل کھلونوں میں ڈیمو، پوکی، سکَلپانڈا، دی مونسٹرز سمیت ڈزنی کے مقبول کردار مکی مائوس، اسٹار وارز اور دیگر شامل ہیں۔ اس کمپنی نے محض پندرہ برس میں کھلونوں کی دنیا میں اپنی سبقت منوائی اور اب اس کی شاخیں چین کے علاوہ ہانگ کانگ، جاپان، امریکہ اور یورپ سمیت کئی ممالک میں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاپ مارٹ دنیا بھر میں اپنے اسٹورز کی تعداد بڑھانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ اس کمپنی کے بانی اور چیئرمین کا نام وانگ نینگ ہے۔ وانگ نینگ 1987ء میں چین کے صوبے ہینان میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے ژینگژو یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ جہاں انہیں کاروبار اور مارکیٹنگ میں دلچسپی پیدا ہوئی۔ انہوں نے 2010ء میں قرضہ لیکر کرائے پر کھلونے کی دکان کھولی۔ اگلے چھ برس میں دکان چلانے میں انہیں شدید دشواری ہوئی۔ تاہم جب انہوں نے مولی گڑیا کو ڈیزائن کیا تو وہ دن ان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوا اور اب وہ نوّے بلین ڈالر کے اثاثوں کے مالک بن چکے ہیں۔ ان کی دکانوں کی یومیہ کمائی پانچ سے دس ملین ڈالر کے قریب ہے۔ 2023ء میں آخری بار پیش کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ پاپ مارٹ سالانہ تقریباً 870 ملین امریکی ڈالر کما رہا ہے۔ جبکہ رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے اس کی آمدنی میں مزید پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاپ مارٹ کے کھلونے بنیادی طور پر چین میں تیار کیے جاتے ہیں۔ جہاں کمپنی کا ہیڈکوارٹر بھی واقع ہے۔ پاپ مارٹ اپنی مصنوعات کی تیاری کیلئے چین کی اعلیٰ معیار کی فیکٹریوں پر انحصار کرتا ہے۔ جو جدید ٹیکنالوجی اور ماہر آرٹسٹس کے ذریعے ڈیزائنز کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں۔ پاپ مارٹ سے لگ بھگ پانچ ہزار سے زائد ملازمین منسلک ہیں۔ کردار تیار کرنے والے آرٹسٹوں کی تنخواہ ماہانہ ایک ملین ڈالر تک ہے۔ جبکہ کاریگر اور دیگر ملازمین کو پانچ ہزار ڈالر سے لے کر ایک لاکھ ڈالر تک تنخواہ دی جاتی ہے۔
پاپ مارٹ کی بہت سے مینوفیکچرنگ یونٹ گوانگ ڈونگ صوبے میں واقع ہیں۔ خاص طور پر شینزین کے صنعتی زونز میں ہیں۔ پاپ مارٹ کچھ پراڈکٹس کیلئے چین کی دیگر معروف ٹوائے مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے ساتھ بھی کام کرتا ہے۔ جو اسپیشل ایڈیشنز یا محدود سیریز تیار کرتی ہیں۔ تمام کھلونوں کا سختی سے معیار معیار چیک کیا جاتا ہے۔ تاکہ رنگ، ساخت اور ڈیزائن میں کوئی کمی نہ رہے۔ فی الحال، پاپ مارٹ کی بیشتر پیداوار چین میں ہی ہوتی ہے۔ لیکن کمپنی نے اپنی مارکیٹ کو عالمی سطح پر پھیلانے کے بعد ویت نام اور انڈونیشیا جیسے ممالک میں بھی پیداواری یونٹس قائم کرنے پر غور کیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos