اقبال اعوان:
کراچی میں شہریوں نے جشن عید میلادالنبیؐ منانے کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کر دیں۔ تاجر رہنما عتیق میر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت خریداری کا رجحان زیادہ ہے اور دکانداروں نے مال بھی زیادہ رکھا ہے۔ تاہم اس مرتبہ مال تقریباً 30 فیصد مہنگا ہے۔ دوسری جانب شہر میں مساجد اور مدارس میں میلاد اور سیرت البنیﷺ کے پروگرام جاری ہیں۔
پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ 12 ربیع الاول کا خصوصی سیکورٹی پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ شہر میں قومی اور مذہبی دنوں کو شہری خاص تیاری کے ساتھ مناتے ہیں۔ ربیع الاول کا مہینہ چل رہا ہے اور شہر کی مرکزی مارکیٹ جھنڈا گلی میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ زیادہ خریداری جھنڈوں کی ہے۔ سبز، قل شریف والے، درود شریف والے اور دعوت اسلامی کے مخصوص جھنڈے چھوٹے بڑے سائز میں فروخت ہورہے ہیں۔ نعلین مبارک کے جھنڈے، بیج اور دیگر اشیا فروخت ہورہی ہیں۔
دکاندار رفیق کا کہنا تھا کہ 14 اگست کی خریداری ختم ہوتے ہی ربیع الاول کی تیاریاں کا آغاز ہو چکا ہے۔ چند سال قبل چائنا سے جھنڈے، بیج آئے تھے۔ تاہم رنگ برنگی جھالر لائٹس، اسپاٹ اور مووننگ لائٹس زیاد تر ہرے رنگ کی لائٹس منگوائی گئی ہیں۔ اگر ٹیکس ڈیوٹی کم ہو تو چائنا کا مال سستا اور خوب صورت ملتا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں خریداری زیادہ ہے۔ جھنڈے اور لائٹس زیادہ فروخت ہورہی ہیں۔ مہنگائی اور خراب ترین معاشی حالات، بے روزگاری کے باوجود عاشق رسول 12 ربیع الاول کی تیاریوں میں حصہ ملا رہے ہیں۔ گھر، گلیاں، چورنگیاں، سڑکیں رنگ برنگی لائٹوں سے سج گئی ہیں۔ مرکزی مارکیٹ میں مہنگائی کا اثر 30 فیصد پڑا ہے۔ شہر میں سیکڑوں اسٹالز لگ گئے ہیں۔
کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ کراچی والے مذہبی اور قومی دن خوب مناتے ہیں۔ اس بار 14 اگست کی تیاریوں میں ریکارڈ بزنس ہوا۔ اس طرح اب ربیع الاول کے دنوں میں خریداری کا رش زیادہ نظر آرہا ہے۔ چائنا اب رنگین مختلف اقسام کی لائٹوں تک محدود ہو گیا ہے۔ ورنہ مذہبی اور قومی دنوں کے حوالے سے مختلف اشیا چائنا کی ہوتی تھیں۔ اب کراچی اور پنجاب میں تیاری کی جاتی ہے کتنا بزنس ہو سکتا ہے اس حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔
مذہبی جماعتیں، سیاسی جماعتیں، مختلف فلاحی ادارے سجاوٹ کی اشیا لے کر جارہے ہیں۔ مرکزی مارکیٹ کے تاجر بارش کے حوالے سے بھی پریشان ہوئے ہیں کہ اگر بارش طوفانی ہوگی، کاروبار متاثر ہو گا۔ وہاں گوداموں میں پانی چلا جاتا ہے۔ اب جس طرح مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ اس طرح ہر سال اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔
دوسری جانب شہر میں جہاں مساجد، مدارس اور دیگر جگہوں پر محفل میلاد کا سلسلہ جاری ہے اور راتوں کو ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ اس لیے پولیس کو الرٹ کر کے اضافی ڈیوٹی کرنا پڑ رہی ہے۔ مختلف شعبوں کے اعلی افسران میٹنگز کر کے 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس، نشتر پارک کے بڑے پروگرام کے لیے سیکورٹی پلان تیار کررہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos