پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اسٹریٹجک معاہدہ

وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کر دیے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے کے مطابق کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا

جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی آٹھ دہائیوں پر محیط شراکت داری تاریخی اور اسٹریٹجک نوعیت کی ہے۔ معاہدہ نہ صرف دفاعی تعاون کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کو بھی تقویت فراہم کرے گا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف قصرِ یمامہ پہنچے تو انہیں شاہی پروٹوکول کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ گھڑسوار دستے اور سعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند جوانوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم اور ولی عہد نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔

وزیرِاعظم نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جبکہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور وزیراعظم کی اچھی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزرا خواجہ محمد آصف، عطا اللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔