کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ پر ریکارڈ قائم ہونے لگے، ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 62 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 62 ہزار 153 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی حکومتی پالیسیوں، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی اشاروں میں بہتری کا نتیجہ ہے۔ سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان نے نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں کو متحرک کیا ہے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی ایک مرتبہ پھر پاکستانی مارکیٹ کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ تسلسل برقرار رہا تو اسٹاک مارکیٹ ملکی معیشت کے لیے مزید مثبت اشارے فراہم کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1043 پوائنٹس اضافے سے پہلی بار ایک لاکھ 59 ہزار 280 پوائنٹس کی ریکارڈ حد پر بند ہوا تھا۔
اسٹاک مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز میں بھرپور خریداری دیکھی گئی، ماری، حبکو، اے آر ایل، اوجی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل اور پی ایس او بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی سطح عبور کرنے پر اظہار مسرت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور حکومتی محنت سے اسٹاک ایکسچینج میں بلندیوں کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے، ہنڈرڈ انڈیکس کا بلند ترین سطح پر پہنچنا کاروباری برادری کے حکومتی پالیسیوں میں اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، معاشی ترقی کا سفر تیزی سے جاری رہے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos