ندیم بلوچ :
غزہ میں سمندری راستے سے امدادی مہم کیلiے روانہ ہونے والے صمود فلوٹیلا کی حفاظت کی ذمہ داری اٹلی اور اسپن کے بحری جنگی جہازوں نے لے لی ہے۔
بحری کشتیوں کے اس قافلہ کی انتظامیہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیڑے میں شامل کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ان پر فوری حملہ متوقع ہے۔ یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز یونان کے ساحلوں کے قریب بیڑے کو کئی ڈرون طیاروں نے نشانہ بنایا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ بڑی کشتیوں پر ڈرون طیارے مسلسل منڈلاتے رہے اور منتظمین نے بیڑے میں ہنگامی الرٹ نافذ کر دیا۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی بحریہ اٹلی کے ساتھ مل کر گلوبل صمود فلوٹیلاکی حفاظت کیلیے جنگی جہاز بھیجے گی۔ غزہ کیلیے امدادی مشن میں حصہ لینے والے 45 ممالک کے شہریوں کو بحیرہ روم میں بحفاظت سفر کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
اسی طرح عوامی دبائو پر اٹلی نے بھی گلوبل صمود فلوٹیلا کی حفاظت کیلئے جنگی بیڑہ بھیج دیا۔ اٹلی کے وزیر دفاع گیدو کروسیتو نے اعلان کیا ہے کہ اطالوی بحریہ کا ایک فریگیٹ (جنگی جہاز) فلوٹیلا کی مدد کیلئے روانہ کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کی صبح بحیرہ روم میں صمود فلوٹیلا کی کم از کم دس کشتیوں پر بار بار ڈرون حملے کیے گئے۔ جس سے زوردار دھماکے ہوئے اور کشتیوں کے مواصلاتی نظام میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا۔
صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے بتایا کہ یونان کے قریب سمندر میں سفر کے دوران دس سے زائد دھماکے سنائی دیئے۔ یہ حملے ایسے وقت ہوئے ہیں جب اسرائیل نے فلوٹیلا کو براہ راست دھمکی دی کہ وہ اسے اس کے بتائے گئے ’’جنگی زون‘‘ میں داخل نہیں ہونے دے گا اور اس کے بجائے پیشکش کی گئی کہ امداد کو عسقلان کی بندرگاہ پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اسرائیل نے الزام لگایا کہ اس مشن کے پیچھے حماس ہے۔
واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا میں 51 کشتیاں شامل ہیں۔ جن پر انسانی ہمدردی کے کارکنان، ڈاکٹرز، فنکار اور دنیا کے 45 ممالک سے تعلق رکھنے والے فلسطین کے حامی سرگرم کارکن موجود ہیں۔ یہ بیڑہ اس ماہ کے آغاز میں کئی تاخیر کے بعد تیونس سے روانہ ہوا تھا۔ تاکہ غزہ پر اسرائیل کے 23 ماہ سے زیادہ عرصے پر محیط محاصرے کو توڑا جا سکے۔
دوسری جانب یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فضائی فورسز نے نے دو کامیاب فوجی کارروائیاں کیں۔ جن میں ڈرونز کے ذریعے قابض اسرائیل کے اہداف کو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں بئر السبع اور ام الرشراش (ایلات) میں نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور صہیونی فضائی دفاعی نظام انہیں روکنے میں بری طرح ناکام رہا۔
یمنی افواج نے کہا کہ یہ کارروائیاں قابض اسرائیل کی نسل کشی اور غزہ کے خلاف بڑھتے ہوئے جارحانہ حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ انہوں نے غزہ میں صہیونی درندگی کے مقابل سینہ سپر مجاہدین کے صبر اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مزید بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں یہ دوسری کارروائی تھی۔ منگل کو بھی انہی علاقوں میں صہیونی اہداف کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔
یمنی افواج نے واضح کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل کے ساتھ فلسطینی عوام کی پشت پر کھڑی ہیں۔ بدھ کی شام ایک اور ڈرون حملے میں صہیونی سیاحتی شہر ام الرشراش (ایلات) میں زور دار دھماکہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں کم از کم 23 صہیونی آبادکار زخمی ہوگئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos