وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی اعلیٰ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مودی سرکار نے دوبارہ حملے کی کوشش کی تو اسکور 0-6 سے کہیں بہتر ہوگا۔
خواجہ آصف نے ایکس پر لکھا کہ "اس بار بھارت طیاروں کے ملبے تلے دفن ہو جائے گا” اور مؤقف اختیار کیا کہ مودی سرکار اور انڈین عسکری قیادت اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو بھارت کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوگی۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ معرکہِ حق میں بدترین شکست نے بھارت میں عوامی رائے کو حکومت کے خلاف ایک بڑے محاذ کی شکل میں کھڑا کر دیا ہے اور اسی دباؤ کی وجہ سے وہاں کی قیادت "گیدڑ بھبکیاں” دے رہی ہے۔ انہوں نے جملہ کلامی میں زور دے کر لکھا کہ "وطنِ عزیز پاکستان اللہ کے نام پر بنا ہے، اس ریاست کے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں، ان شاء اللہ جارحیت کے نتیجے میں بھارت اپنے ہی طیاروں کے ملبے تلے دفن ہو گا، اللہ اکبر۔”
اس سے قبل ترجمانِ پاک فوج نے بھی بھارتی سکیورٹی اداروں کے اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بیانات غیر ذمہ دارانہ اور جارحیت کے لیے من گھڑت بہانوں کی نئی کوشش ہیں، جن سے جنوبی ایشیا میں امن کو سنگین خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔
عسکری و سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی دھمکیاں محض "گیدڑ بھبکیاں” ہیں اور پاک مسلح افواج اپنے ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس بار پاکستان دور دراز بھارتی علاقوں تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اگر کوئی "آپریشن سندور جیسا” اقدام کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ تمام شکایات دور کر دے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos