گلگت(امت نیوز) گلگت بلتستان میں وقت سے پہلے برفباری ہوئی ہے جسے ماہرین نے ایک خوش آئند اشارہ ہے، لیکن اس کے اثرات گہرے اور پیچیدہ ہیں۔ اس خطے کے نازک ماحولیاتی نظام کو ماہرین پہلے ہی شدید خطرات میں شمار کرتے ہیں، اور وقت سے پہلے یا تاخیر سے برف باری ہونا انہی تغیرات کی علامت ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سامنے آ رہے ہیں۔
ہفتے کے روز خنجراب اور بابوسر ٹاپ سمیت 12 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی والے علاقوں میں برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی درجوں میں جا پہنچا۔ برف سے ڈھکے مناظر جہاں سیاحوں کے لیے دلکشی کا باعث ہیں، وہیں مقامی زندگی اور آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ بابوسر روڈ پر پھسلن کے خدشے کے باعث رات کے اوقات میں ٹریفک بند کر دی گئی جبکہ خنجراب پاس پر تقریباً تین انچ برف باری کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی۔
گلگت بلتستان گزشتہ دہائی میں اس مسئلے سے دوچار رہا ہے کہ برفباری اکثر دسمبر کے آخر یا مارچ تک مؤخر ہوتی تھی، جس سے برفانی تودوں کی تشکیل کا عمل متاثر ہوتا رہا۔ اس کے نتیجے میں جب گرمی کی شدید لہریں آتی ہیں تو غیر مستحکم برف تیزی سے پگھلتی ہے اور اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفیلی جھیلوں کے پھٹنے جیسے واقعات سامنے آتے ہیں۔ صرف اس سال گرمیوں میں ہی 50 سے زائد افراد جان سے گئے جبکہ اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگرچہ وقت سے پہلے برف باری ہونا خوش آئند ہے، لیکن یہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ خطے کی ماحولیاتی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ موسمی پیٹرن کی یہ بے ترتیبی مستقبل میں مزید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔ اگر برفانی جمنے کا عمل متاثر ہوا تو موسم گرما میں پھر سے شدید اور غیر متوقع سیلاب اور گلوف کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے ڈائریکٹر خادم حسین کے مطابق یہ علاقہ پاکستان کا ’واٹر ٹاور‘ ہے، جو دریائے سندھ کو پانی فراہم کرتا ہے اور ملک کی 70 فیصد زراعت اور 40 فیصد بجلی کی پیداوار اسی پر منحصر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر منصوبہ بند ترقی، سیاحت کا بے ہنگم پھیلاؤ اور جنگلات کی کٹائی صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔
یہ وقت سے پہلے ہونے والی برفباری اس حقیقت کی طرف اشارہ ہے کہ گلگت بلتستان کی فطرت غیر معمولی دباؤ کا شکار ہے۔ اگر سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں پانی، زراعت اور توانائی کے بڑے بحران سامنے آ سکتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos