پاک-سعودی دفاعی معاہدے کے بعد اقتصادی مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس کا شریک چیئرمین وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کو مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی پاک سعودی اکنامک فریم ورک کے تحت توانائی، تجارت، صنعت، زراعت اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں مذاکرات کی نگرانی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی میں توانائی، تجارت، صنعت، مواصلات اور زراعت کے وزراء کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد کو اقتصادی سفارت کاری میں سول و فوجی رابطے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا دائرہ کار اب دفاع اور توانائی سے بڑھ کر ماحولیاتی منصوبوں تک وسیع کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے امداد کے بجائے تجارت اور سرمایہ کاری کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ معاشی خودکفالت کی طرف بڑھا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس میں طے پایا تھا کہ کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اسٹریٹجک معاہدہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ اور مشترکہ دفاعی تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔